Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین چیمپئنز ٹرافی: پاکستان ہاکی ٹیم کو ’ادھار‘ ایئر ٹکٹ خرید کر چین روانہ ہونا پڑا

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک ہاکی کو وہ مقام اور عزت نہیں دی جا رہی جس کی ضرورت ہے (فوٹو: فائل)
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ’ادھار‘ ایئر ٹکٹیں لے کر ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے چین روانہ ہوئی۔
منگل کو لاہور میں پریس بریفنگ کے دوران طارق بگٹی نے بتایا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم کو چین میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے فنڈز کی کمی کا سامنا تھا جس کے باعث انہیں کریڈٹ پر ٹکٹیں خریدنی پڑیں۔
طارق بگٹی نے وضاحت دی کہ ہاکی فیڈریشن کو فنڈز جلد ہی موصول ہو جائیں گے، ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ وہ پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے مالی پیکج مختص کریں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ابھی تک ہاکی کو وہ مقام اور عزت نہیں دی جا رہی جس کی قومی کھیل کو ضرورت ہے۔ 
طارق بگٹی نے ذکر کیا کہ فیڈریشن متوازی فیڈریشنز بنانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی، اس اقدام سے پاکستان ہاکی کے انتظامی چیلنجز کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔
’پی ایچ ایف ایدھی ہاکی سٹیڈیم کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بھی کوشش کر رہی ہے، وہاں فیڈریشن کی اتھارٹی قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔‘
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سپورٹس صحافی روحا ندیم نے اپنی پوسٹ میں واقعہ پر ردعمل بھی دیا۔
روحا ندیم نے لکھا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے ’قرضے کے ہوائی ٹکٹوں‘ پر چین روانہ ہو رہی ہے۔ صرف چار مہینے پہلے اس ٹیم کے اذلان شاہ کپ میں رنر اپ ہونے پر جشن منایا جا رہا تھا۔

نیوز ویب سائٹ فری پریس جرنل کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے جلد ہی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ان اخراجات کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہے۔ اس سے قبل پی ایس بی نے مالی مشکلات سے دوچار انڈر 18 بیس بال ٹیم کو تربیتی کیمپ کے لیے فنڈز دینے سے انکار کر دیا تھا، جو چائنیز تائپے میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ہے۔
چار ورلڈ کپ ٹائٹلز اور دو اولمپک گولڈ میڈلز جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم جو کبھی ہاکی کا ’پاور ہاؤس‘ تصور کی جاتی تھی، اب مالی مشکلات کا شکار ہے۔ یہ ٹیم پیرس 2024 اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں بھی ناکام رہی تھی۔
سپورٹس ویب سائٹ ان سائڈ سپورٹ کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کو درپیش مالی مشکلات کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے جب بیجنگ سے ان کی اگلی فلائٹ منسوخ ہوئی اور انہیں میچ کے لیے بذریعہ روڈ اپنی منزل تک 300 کلومیٹر کا سفر کرنا پڑا تھا۔
’ان چیلنجز کے باوجود، ٹیم چین کے خلاف وارم اپ میچ میں 4-4 سے ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔‘
 چائنہ میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ 8 ستمبر سے 17 ستمبر تک شیڈول ہے جس میں پاکستان، انڈیا اور چائنہ سمیت ایشیا کی 6 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

شیئر: