اپریل میں میڈیازونا نے کہا تھا کہ انہیں اس جنگ میں 50 ہزار سے زائد روسی فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں معلومات ملی ہیں۔
میڈیازونا نے سنیچر کو کہا ہے کہ ’30 اگست تک ہمیں 66 ہزار 471 ایسے فوجیوں کے ناموں کا پتا چلا ہے جو اس جنگ میں ہلاک ہو چکے ہیں۔‘
گزشتہ چار ہفتوں میں روسی فوجیوں کی ہلاکتوں میں چار ہزار 600 کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کوئی حتمی تعداد نہیں ہے کیونکہ ’بہت سے فوجیوں کی ہلاکتوں کے بارے میں بتایا نہیں گیا ہے۔‘
میڈیازونا کے ساتھ منسلک ایک صحافی انستاسیا الیکسییوا نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان تازہ اعداد وشمار کا یوکرین کے کرسک کے علاقے میں حملے اور روسی کی مشرقی خطے میں پیش قدمی سے تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک تحقیقات جاری ہیں کیونکہ ہلاکتوں کی تفصیل مکمل طور پر جاری نہیں کی گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس جنگ کے دوران 172 ایسے افراد ہلاک ہوئے ہیں جو ریاست کے لیے بیگار کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
میڈیا زونا نے مزید بتایا کہ سب سے زیادہ 2578 ہلاکتیں جنوب میں واقع علاقے بشکورتستان میں ہوئیں جہاں مسلمان آبادی اکثریت میں ہے۔
اس کے علاوہ چھ ہزار 877 ہلاکتوں میں زیادہ تر افراد کی عمریں 33 سے 35 برس کے درمیان ہیں۔ 12 ہزار سے زائد ایسے افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں جو قیدی تھے۔
اس پروجیکٹ پر میڈیازونا اور بی بی سی روسی سروس رواں برس فروری سے کام کر رہے تھے۔
جون میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا تھا کہ 70 لاکھ کے لگ بھگ روسی فوجی یوکرین کے خلاف ’خصوصی فوجی آپریشن‘ میں شامل ہیں۔
اس جنگ کے دوران روسی کی وزارت دفاع نے اپنے فوجی نقصانات کا کم ہی ذکر کیا ہے تاہم ستمبر 2020 میں وزارت دفاع نے پانچ ہزار 937 ہلاکتیں تسلیم کی تھیں۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے فروری میں کہا تھا کہ اس جنگ کے ابتدائی دو برس میں 31 ہزار یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے۔