الجزائر: پاکستانی بچے کا اعزاز، بین الاقوامی مقابلہ قرات میں 1500 ڈالر انعام جیت لیا
محمد بشار نے مقابلے میں چوتھی پوزیشن حاصل کی اور 1500 ڈالر کی انعامی رقم جیتی (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے سوات سے تعلق رکھنے والے 10 برس کے بچے محمد بشر نے الجزائر میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی قرات مقابلے میں 1500 ڈالر کی انعامی رقم جیت لی۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی ’اے پی پی‘ نے پیر کو بتایا کہ محمد بشار نے مقابلے میں ناصرف چوتھی پوزیشن حاصل کی بلکہ 1500 ڈالر کی انعامی رقم جیتنے میں بھی کامیاب رہے۔
الجزائر کے نجی چینل ’ایکوروک‘ کے زیراہتمام اس بین الاقوامی قرات مقابلے کا انعقاد 18 سے 31 اگست تک کیا گیا تھا جس میں 15 سے زائد ممالک نے شرکت کی۔
’ایکوروک‘ ہر سال اس مقابلے کا اہتمام کرتا ہے جس میں دنیا بھر سے نوجوان قاری حسنِ قرأت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اس تقریب کے علاوہ الجزائر کی وزارتِ مذہبی امور و اوقاف ہر سال الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کی سرپرستی میں بین الاقوامی مقابلۂ حسنِ قرأت کا انعقاد کرتی ہے۔
گذشتہ برس پاکستان کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ساتویں جماعت کے طالب علم قاری اعظم طارق نے 43ویں بین الاقوامی شاہ عبدالعزیز مقابلہ قرات میں حصہ لیا تھا اور فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستانی مسلمان بچوں کو اکثر بچپن سے ہی قرآن کے ساتھ مضبوط رشتہ استوار کرنا سکھایا جاتا ہے۔ بہت سے لوگ قرآن کی تلاوت کے فن میں تربیت یافتہ ہیں، اور کچھ تو کم عمری ہی اسے حفظ کر لیتے ہیں۔
اس لگن کا اظہار بین الاقوامی سطح پر پاکستانی بچوں کی کامیابی سے بھی ظاہر ہوتا ہے، جہاں پاکستانی نوجوان تلاوت قرآن کے مقابلوں میں کثرت سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، جو قرآن اور اس کی تعلیمات سے اُن کے گہرے ثقافتی اور مذہبی تعلق کی عکاسی کرتے ہیں۔