Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی معاہدے کو ’ناکام‘ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: حماس

غزہ میں وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جوابی کارروائی میں اب تک کم از کم 40 ہزار 861 افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
حماس نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ وہ غزہ جنگ بندی کے معاہدے کو ’ناکام‘ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عسکریت پسند گروپ نے مذاکرات میں ’سب کچھ مسترد‘ کر دیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ الزام تراشی اس وقت سامنے آئی ہے جب نیتن یاہو کو بقیہ یرغمالیوں کو رہا کروانے کے حوالے سے معاہدہ کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا ہے۔ اسرائیلی حکام نے اتوار کو کہا تھا کہ غزہ کی ایک سرنگ سے چھ  یرغمالیوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
نیتن یاہو نے بدھ کو کہا کہ ’ہم مذاکرات شروع کرنے کے لیے کوئی طریقہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ (حماس) ایسا کرنے سے انکاری ہیں۔  بات کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔‘
نیتن یاہو کا موقف ہے کہ اسرائیل کو مصر اور غزہ کی سرحد کے ساتھ فلاڈیلفی کوریڈور پر کنٹرول برقرار رکھنا چاہیے تاکہ حماس کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو روکا جا سکے۔
حماس علاقے سے مکمل اسرائیلی انخلا کا مطالبہ کر رہی ہے اور جمعرات کو کہا کہ سرحدی علاقے پر نیتن یاہو کے اصرار کا مقصد ’معاہدے تک رسائی کو ناکام بنانا ہے۔‘
حماس کا کہنا ہے کہ ایک نیا معاہدہ غیر ضروری ہے کیونکہ انہوں نے مہینوں پہلے امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے بیان کردہ جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔
جمعرات کو حماس نے ٹیلی گرام پر کہا کہ ’ہمیں نئی ​​تجاویز کی ضرورت نہیں ہے۔‘
حماس نے مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم نیتن یاہو اور اس کی چالوں کے جال میں پھنسنے کے خلاف ہیں جو ہمارے لوگوں کے خلاف جارحیت کو طول دینے کے لیے مذاکرات کا استعمال کرتے ہیں۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ ’واشنگٹن سمجھتا ہے کہ تعطل سے نمٹنے کے لیے "طریقے موجود ہیں۔‘
اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، حماس کے 7 اکتوبر کو کیے گئے حملے کے نتیجے میں 1205 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے اور کچھ یرغمالی بھی شامل تھے۔
حملے کے دوران فلسطینی عسکریت پسندوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 251 میں سے 97 غزہ میں باقی ہیں، جبکہ 33 اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہو چکے ہیں۔
غزہ میں وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جوابی کارروائی میں اب تک کم از کم 40 ہزار 861 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

شیئر: