’ابشر‘ پر گاڑی فروخت کرنے کی سہولت ، اب انفرادی سطح پر
’ابشر‘ پر گاڑی فروخت کرنے کی سہولت ، اب انفرادی سطح پر
جمعرات 5 ستمبر 2024 18:01
مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو بھی مذکورہ سہولت حاصل ہو گی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کے ڈیجیٹل پورٹل ’ابشر‘ پر انفرادی حیثیت میں گاڑی فروخت کرنے کی سہولت جاری کردی گئی ہے۔ مذکورہ سہولت سے مملکت میں مقیم غیرملکی افراد بھی مستفیض ہوسکتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے جہاں اقامہ کی تجدید ، اجرا ، ایگزٹ ری انٹری وغیرہ کی سرکاری سہولتیں کامیابی سے فراہم کی جارہی ہیں وہاں اب انفرادی سطح پر گاڑی کی فروخت کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
ابشر پر گاڑی فروخت کرنے کی سہولت سے لوگوں کو ٹریفک پولیس کے دفتر یا کارڈیلرز سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
گاڑی فروخت کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے ابشر پورٹل پر کہا گیا ہے کہ گاڑی خریدنے والا اس امر سے مطمئن ہو جائے کہ گاڑی درست ہے تو ابشر پورٹل میں جمع کرائی گئی رقم فروخت کرنے والے کے اکاونٹ میں منتقل ہو جائے گی ۔
ابشر پورٹل ایک طرح سے فریقین کے لیے ضامن کا کردار ادا کرے گا جب تک فریقین اس بات پرمتفق نہ ہوجائیں گاڑی فروخت کرنے کی کارروائی مکمل نہیں ہوگی ۔
فروخت کی جانے والی گاڑی کے بارے میں تسلی کرلینے کے بعد ابشر پر رضامندی دی جائے گی جس کے بعد گاڑی کی ملکیت خریدار جبکہ رقم فروخت کنندہ کے اکاونٹ میں منتقل کردی جائے گی۔
واضح رہے اس سےقبل گاڑی فروخت کرنے کے لیے لازمی ہوتا تھا کہ کارڈیلر کی جانب سے ’سیل ایگریمنٹ‘ بنایا جاتا تھا جس کے بعد اسے ٹریفک پولیس کے دفتر میں جمع کرانے کے بعد گاڑی خریدار کے نام منتقل کی جاتی تھی۔