امارات کے صدر سے مصری وزیر خارجہ کی ملاقات، غزہ کی صورتحال کا جائزہ
امارات کے صدر سے مصری وزیر خارجہ کی ملاقات، غزہ کی صورتحال کا جائزہ
اتوار 8 ستمبر 2024 18:39
ملاقات میں تعاون اور اشتراک کے مختلف پہلووں پر بھی بات چیت کی گئی ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے اتوار کو ابو ظبی کے قصر الشاطی میں مصر کے وزیر خارجہ ڈاکر بدر العاطی سے ملاقات کی۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق مصری وزیر خارجہ نے صدر السیسی کی جانب سے امارات کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کےلیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
ملاقات میں امارات اور مصر کے درمیان قریبی تعلقات کے ساتھ باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون اور اشتراک کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا۔
اقتصادی، ترقیاتی، سیاسی اور دیگر اہم شعبدوں میں اسٹریٹجک ریلیشن کے فریم ورک کے اندر ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ خواہشات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور، مشرق وسطی کی صورتحال خصوصا غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کے لیے کوششوں، غزہ میں ضروری امداد کی محفوظ اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے کےلیے سنجیدہ بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے دونوں ملکو ں کے درمیان مشاورت اور کوآرڈینیشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، خطے کو درپیش بحرانوں اور چیلنجوں سے موثر طریقے سے نمنٹے کےلیے مشترکہ عرب ایکشن کو فعال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔