اس سے قبل پاکستان کے نامور اتھلیٹ ارشد ندیم کو تمغہ جیتنے کے بعد جہاں انعام و اکرام سے نوازا گیا وہیں پنجاب حکومت نے انہیں ایک گاڑی تحفے میں دیتے ہوئے اس کا نمبر ان کی جیولین تھرو کے اولمپک ریکارڈ کے مطابق 92 اعشاریہ 97 جاری کیا۔
اپنی مرضی کی نمبر پلیٹ بنوانے اور اپنا نام لکھوانے کے لیے پنجاب ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی وینیٹی سکیم اگلے چند دنوں میں باقاعدہ عام لوگوں کے لیے کھول دی جائے گی۔
اس سکیم میں کسی بھی شخص کو یہ حق حاصل ہو گا کہ اپنی مرضی کی وینیٹی پلیٹ بنوا سکے گا تاہم اس کے لیے انہیں علیحدہ سے پیسے دینا ہوں گے۔
وینیٹی پلیٹ ہے کیا؟
دنیا بھر میں وینیٹی پلیٹس کا اجرا ان افراد کو کیا جاتا ہے جو اپنی گاڑی پر نمبر پلیٹ کی جگہ پر اپنے نام کے ہجے یا کوئی مخصوص ہندسے لکھوانا چاہتے ہوں۔ ان کی گاڑی کا وہی رجسٹریشن نمبر تصور ہوتا ہے۔
وینیٹی پلیٹس کو دنیا بھر میں کئی طرح کے ناموں سے پکارا جاتا ہے امریکہ اور کینیڈا میں اسے پرسنلائزڈ پلیٹ، برطانیہ میں اسے پرائیوٹ نمبر پلیٹ یا قیتمی نمبر پلیٹ کہا جاتا ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اسے کسٹمائزڈ نمبر پلیٹ بھی کہا جاتا ہے۔
شوقین افراد اپنی مرضی کے جملے یا الفاظ یا ذاتی ناموں کو نمبر پلیٹ پر کندہ کرواتے ہیں اور وہ سرکاری طور پر ایک قانونی نمبر پلیٹ ہوتی ہے۔
پنجاب کا وینیٹی پلیٹ پروگرام کیا ہے؟
صوبہ پنجاب کے محکمہ ایکسائز نے حال ہی میں اپنا پہلا وینیٹی پروگرام منظور کیا ہے۔ اردو نیوز کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق محکمہ ایکسائز نے بنیادی طور پر تین کیٹیگریز میں وینیٹی پلیٹ کا اجرا اگلے چند دنوں میں شروع کرنا ہے۔
پلاٹینیم، گولڈ اور کارپوریٹ تین کیٹیگریز ہیں۔ پلاٹینیم پلیٹ میں آٹھ الفاظ یا نمبر رجسٹرڈ کروائے جا سکتے ہیں۔ یہ آٹھ انگریزی کے حروف تہجی یا حروف اور ’لکی نمبر‘ کے ملاپ کا کوئی مجموعہ بھی ہو سکتے ہیں۔ اس کی بنیادی قیمت 50 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
گولڈ کیٹیگری تین الفاظ اور تین نمبرز پر مشتمل ہے جبکہ اس کی بنیادی قیمت پانچ لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ جبکہ سب سے مہنگی کیٹیگری کارپوریٹ کیٹیگری ہے جس میں ایک وینیٹی پلیٹ کی بنیادی قیمت ایک کروڑ روپے مختص کی گئی ہے۔
اپنا من پسند نمبر خریدنے کے لیے صارفین کو کسٹم کی ویب سائٹ پر آن لائن رجسٹریشن 15 دن پہلے کروانا ہو گی۔ اور اپنی مرضی کے الفاظ اور نمبر کو مجموعہ دینا ہو گا۔ اس کے بعد اس کی آکشن لگے گی اور منظوری کی صورت میں پیسے جمع کروا کو اپنی مرضی کا رجسٹریشن نمبر حاصل ہو جائے گا۔
اس پروگرام میں ذات برادری، سیاسی پارٹیوں اور سیاسی شخصیات کے ناموں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ یعنی دوسرے لفظوں میں جٹ، آرائیں اور راجپوت وغیرہ کے نام کی پلیٹ آپ بک نہیں کروا سکیں گے۔ جبکہ اسی طرح سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کے نام کی وینیٹی پلیٹس نہیں لی جا سکیں گی۔
تاہم محکمہ ایکسائز نے اس بات کی وجہ نہیں بتائی کہ ذات برادریوں اور سیاسی شخصیات کو اس پروگرام کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا ہے۔