سعودی پروجیکٹ کے تحت یمن میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ بارودی سرنگیں صاف
اتوار 15 ستمبر 2024 18:36
تنازع کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن میں سعودی عرب کی زیر قیادت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک حوثیوں کی بچھائی گئی 4 لاکھ 60 ہزار951 بارودی سرنگوں کو صاف کیا جا چکا ہے۔
مسام پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر اسامہ القصبی کے مطابق’ ان میں 3 لاکھ ایک ہزار 68 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز، ایک لاکھ 45 ہزار 139 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، 6 ہزار596 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں اور 8 ہزار 148 دیسی ساختہ ڈیوائسز شامل ہیں‘۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کی زیر نگرانی مسام پروجیکٹ جنگ زدہ ملک میں حوثیوں کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
گزشتہ ہفتے مسام پروجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے دو ہزار 439 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز، 28 اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں، 6 اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں اور ایک دیسی ساختہ ڈیوائس کو تباہ کیا۔
مارب، تعز، صنعا،عدن، الجوف، حدیدہ، لحج، البیضا، شبوہ، الضالع اور صعدہ میں بارودی سرنگ ہٹانے کی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
مسام کی ٹیموں کو دیہات، سڑکوں اور سکولوں کو کلیئر کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ شہریوں کی محفوظ ٹرانسپورٹیشن اور انسانی امداد کی فراہمی کو آسان بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
یمن میں تنازع کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے بیشتر بارودی سرنگوں کی موجودگی کے باعث گھر چھوڑنے پرمجبور ہوئے۔