اگست کے دوران یمن سے 4 ہزار 413 بارودی سرنگیں صاف
ایک ہفتے میں مزید ایک ہزار47 بارودی سرنگوں کو صاف کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے اگست 2024 کے پانچویں ہفتے کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید ایک ہزار47 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پروجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے 4 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، 973 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز،54 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور 16 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو تباہ کیا ہے۔
رواں برس اگست کے دوران یمن سے صاف کی جانے والی بارودی سرنگوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہزار 413 ہوگئی ہے۔
2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 57 ہزار711 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔