ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان اور چین کے درمیان سیمی فائنل آج
پاکستان نے لیگ میچ میں چین کے خلاف پانچ ایک سے کامیابی حاصل کی (فوٹو: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن)
ایک روزہ آرام کے بعد ایشیئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے دونوں سیمی فائنل آج کھیلے جائیں گے۔
چین کے ڈور ایتھنک پارک، ہولن بیئر میں جاری ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کا سیمی فائنل میں آج میزبان ٹیم چین سے مقابلہ ہو گا۔
اس سے قبل پاکستان نے لیگ میچ میں چین کے خلاف پانچ ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسری جانب ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل انڈیا اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
جمعرات کو پاکستان اور چین کے میچ میں پاکستان کی جانب سے پہلے کوارٹر کے آٹھویں منٹ پہلا گول عبدالرحمان نے کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے دوسرا گول تیسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں ندیم احمد نے کیا۔ گرین شرٹس کی جانب سے تیسرا گول چوتھے کوارٹر کے 15ویں منٹ میں شاہد حنان نے کیا۔
چین کے خلاف چوتھا گول ندیم احمد نے چوتھے کوارٹر کے چوتھے منٹ میں کیا۔
پانچواں گول شاہد حنان نے کیا جنہوں نے میچ کے آخری 23 سیکنڈ میں مجموعی طور پر گیند دوسری مرتبہ جال میں پہنچا کر ٹیم کو 1-5 کی فیصلہ کن برتری دلوا دی تھی۔
چین کی جانب سے میچ میں واحد گول چوتھے کوارٹر میں گاؤ جیشانگ نے کیا تھا۔
ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں یہ پاکستانی ٹیم کا چوتھا میچ تھا۔
دوسری جانب انڈیا اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہا ہے جبکہ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں پہلی شکست کا سامنا انڈیا کے خلاف میچ میں ہوا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اس ایونٹ میں پانچ میچز میں دو میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میں شکست اور دو میچ برابر رہے۔