Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

7 ہزار اطالوی کمپنیاں سعودی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی خواہاں

سعودی چیمبرز فیڈریشن میں سعودی اطالوی بزنس فورم کا انعقاد کیا گیا (فوٹو ایس پی اے)
7 ہزار کمپنیوں کی نمائندگی کرنے والی اطالوی بزنس ایسویسی ایشن نے مملکت میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور وژن 2030 کے تحت امید افزا مواقع تلاش کرنے  کےلیے سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایسوسی ایشن میں اہم اقتصادی شعبوں کی بڑی اطالوی کمپنیاں شامل ہیں۔ یہ اعلان سعودی چیمبرز فیڈریشن میں منعقدہ سعودی اطالوی بزنس فورم کے دوران کیا گیا۔
تقریب میں سعودی عرب میں اٹلی کے نئے سفیر کارلو بالڈوکی کے علاوہ 140 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں اور دونوں ممالک کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

مملکت اور اٹلی کے درمیان تجارت 38 ارب ریال تک پہنچ چکی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

لومبارڈی ریجنل گورنمنٹ کے صدر اٹیلیو فونٹانا نے خطے کی اقتصادی اہیمت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا  مجموعی جی ڈی پی 444  ارب ڈالر سے زیادہ ہے جو اطالوی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے۔
 انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد سعودی سرمایہ کاری، سائنسی تعاون اور ثقافتی تبادلے میں اطالوی ماہرین کے کردار کو بڑھانا ہے جبکہ سعودی سرمایہ کاروں کو مراعات کے حوالے سے بھی آمادگی کا اظہار کیا۔
سعودی اطالوی بزنس کونسل کے چیئرمین انجینیئر کامل المنجد نے سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے پر زور دیا جو اب 38 ارب سعودی ریال تک پہنچ گیا ہے۔ لومبارڈی کا خطہ مشینری، کیمیکلز اور آٹوموٹو مصنوعات جیسی کلیدی برآمدات کے ذریعے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

 سعودی اطالوی بزنس کونسل کے چیئرمین نے بھی شرکت کی۔ (فوٹو ایس پی اے)

انہوں نے مزید کہا کہ لاجسٹکس، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اطالوی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع  پیدا کرسکتا ہے جبکہ تعمیرات میں اطالوی مہارت سعودی میگا منصوبوں میں حصہ ڈال سکتی ہے۔
اٹلی کا لومبارڈی خطہ فنانس اور صنعت کا مرکز ہے جو اطالوی سٹاک ایکسچینج کی میزبانی کرتا ہے۔ آٹوموٹیو، ایرو سپیس، لائف سائنسز اور بائیو ٹیکنالوجی کے ساتھ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: