Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں تین روزہ انٹرنیشنل جاز فیسٹیول کا شاندار اختتام

جاز فیسٹیول میں موسیقی کا اختتام ماسیگو کی پرفارمنس کے ساتھ ہوا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے مقامی اور بین الاقوامی موسیقاروں کی بھرپور پرفارمنس کے ساتھ تین روز تک جاری رہنے والا پہلا ریاض انٹرنیشنل جاز فیسٹیول سنیچر کی رات اختتام پذیر ہو گیا۔
عرب نیوز کے مطابق میوزک کمیشن کے زیراہتمام درعیہ کے میادین تھیٹر میں ہونے والے اس شاندار فیسٹیول میں روزانہ متاثرکن موسیقاروں کی نئی لائن اپ کی نمائش کی گئی۔
جاز فیسٹیول کی اختتامی شام آسٹریلوی بینڈ Hiatus Kaiyote، سعودی جاز فیوژن بینڈ Garwasha اور جمیکا سے تعلق رکھنے والے امریکی موسیقار ماسیگو نے عمدہ پرفارمنس کی۔
انٹرنیشنل فیسٹیول میں مرکزی سٹیج کے علاوہ ایک جاز کیفے بھی موجود تھا جہاں معروف موسیقار پیٹر لانگ کے آرکسٹرا نے متعدد گلوکاروں کے ساتھ تین دن پرفارم کیا۔
ان میں سعودی فنکار نورہ سنگز، مازن لوند، سارہ الشافعی، لولوہ الشریف، عبداللہ فلفلان اور دیگر شامل تھے۔
لولوہ الشریف، عبداللہ فلفلان  نے پہلی بار ایک ساتھ پرفارم کیا، لولوہ الشریف نے کہا کہ ریاض میں پہلے جاز فیسٹیول میں شرکت کرکے بہت خوش ہوں۔

معروف موسیقاروں نے متعدد گلوکاروں کے ساتھ تین دن پرفارم کیا (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

سعودی گلوکارہ نے کہا کہ یہ ایک ناقابل یقین احساس ہے جب ہم عوام کو اپنے ساتھ گاتے ہوئے دیکھتے ہیں اور عوام موسیقی کے بارے میں کتنے پرجوش ہیں۔
لولوہ الشریف نے جاز میوزک میں ’من ریسلا‘ پیش کیا جو کہ یہاں موجود عوام نے بے حد پسند کیا۔
اس سے قبل لولوہ الشریف نے مشرقی ریجن ،العلا، اثرا سنٹر، جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی اور ریاض میں ساؤنڈ سٹورم فیسٹیول میں متعدد پروگراموں میں پرفارم کیا ہے۔

لولوہ الشریف کی جاز میوزک میں پرفارمنس عوام نے بے حد پسند کی (فائل فوٹو: عرب نیوز)

موسیقی کا اختتام ماسیگو کی پرفارمنس کے ساتھ ہوا، جس میں انہوں نے مہمانوں کو منفرد گانوں کے ساتھ ناقابل فراموش موسیقی کا تجربہ فراہم کیا۔
عبداللہ فلفلان نے اس مناسبت سے ایک گانا تیار کیا جس میں عربی کے الفاظ ’شکراً ‘ یعنی (شکریہ) شامل تھے۔
 

شیئر: