Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: پولٹری کی صنعت میں ریکارڈ اضافہ

زرعی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے بھی مالی مدد کی گئی ہے۔ (فوٹو سبق)
وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کا کہنا ہے کہ مملکت نے پولٹری منصوعات میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ میں 558 ملین کلو گرام مرغی کا گوشت فراہم کیا گیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس 2023 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران پولٹری سیکٹر میں 511 ملین کلوگرام مرغی کا گوشت مارکیٹ کو فراہم کیا گیا تھا۔
پولٹری صنعت میں کامیابی کے حوالے سے وزارت کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور بہترین منصوبہ بندی کی وجہ سے اس صنعت نے غیرمعمولی ترقی کی اور مقامی سطح پر مرغیوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا۔
پولٹری پروڈکشن کی صنعت کو فروغ دینے اور اسے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے زرعی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے بھی مالی مدد کی گئی۔
وزارت کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ مملکت تیزی سے مرغی کے گوشت کے حوالے سے مقامی ضرورت کو پورا کرنے کی جانب گامزن ہے اس ضمن میں پولٹری کی صنعت کو مزید توسیع دینے کے لیے مزید سرمایہ کاری کی جارہی ہے تاکہ مرغیوں کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہوئے غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔
واضح رہے وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کا منصوبہ ہے کہ مملکت میں پولٹری کی صنعت کو فروغ دیا جائے اس حوالے سے سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے رعایت  دی جاتی ہے جن میں زرعی ترقیاتی بینک کی قرض سکیم بھی شامل ہے۔
 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: