Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کتاب میلے میں جرمن پبلشر کے نایاب مخطوطات کی نمائش

مراکش میں خط کوفی میں نہایت احتیاط سے تیار کیا گیا قرآن کا نسخہ موجود ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے بین الاقوامی کتاب میلے میں جرمن پبلشنگ ہاؤس Mueller and Schindler مسلسل تیسرے سال نایاب مخطوطات اور کتابوں کی نمائش کے ساتھ شرکت کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ماہرین تعلیم اور ادبی خزانے کی تلاش کرنے والے شائقین کے لیے ریاض میں جاری سالانہ کتاب میلہ انتہائی پُرکشش ہے۔
جرمن پبلشنگ ہاؤس تاریخی تحریروں کی اعلیٰ معیاری کاپی تیار کرنے میں مہارت رکھتے ہیں جو عام طور پر عوام کے لیے ناقابل رسائی ہوتے ہیں۔ 
پبلشنگ ہاؤس کی قابل ذکر پیشکشوں میں معروف بلیو قرآن کریم کے نسخے کے علاوہ عربی تحریروں کا نایاب انتخاب اور لیونارڈو ڈاونچی کے مشہور نوٹس شامل ہیں۔
ریاض کتاب میلے کے پویلین میں پبلشنگ ہاؤس کے سٹال پر نمائش کے لیے موجود مخطوطات کی خوبصورتی ان کی تاریخی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
جرمن پبلشنگ ہاؤس کے مالک اور سی ای او شیرلوٹ کریمر نے اپنی مطبوعات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ’ ہم مخطوطات کی شبیہ تیار کرتے ہیں جو کہ لاطینی اصطلاح ’فیکسمائل‘ سے ماخوذ ہیں، جس کا مطلب ہے ’اس کے مماثل بنانا۔‘

ریاض کتاب میلے میں پبلشنگ ہاؤس کی تاریخی اہمیت پیش کی گئی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

’فیکسمائل‘ ایک مخطوطہ یا مطبوعہ کتاب سے مماثلت رکھتا جس میں اصل کی تمام خصوصیات کو شامل کیا جاتا ہے۔
 شیرلوٹ کریمر نے مزید بتایا کہ ’اصل کام کی حقیقت کے پیش نظر تکنیکی درستگی کو یکجا کرتے ہوئے ان مخطوطات کے فرضی ایڈیشن محدود مقدار میں پبلش کیے جاتے ہیں۔‘
’ہماری قابل ذکر اشاعتوں میں سے ایک قرآن کریم کا ایسا نسخہ موجود ہے جو 1200 سال قدیم حجازی خطاطی میں لکھے گئے قرآنی نسخے کی مشابہت میں سے ہے۔‘
جرمن پبلشنگ ہاؤس نے کتاب میلے میں 50 جلدوں پر مشتمل ایک مراکشی قرآن کی بھی نمائش کی ہے جو خط کوفی میں نہایت احتیاط سے تیار کیا گیا تھا۔

پویلین میں عربی تحریروں کا  نایاب انتخاب شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

جرمن پبلشنگ ہاؤس کے ذمہ دار نے بتایا کہ ’ہم تیسری بار کتاب میلے میں شرکت کر رہے ہیں، یہاں موجود شائقین ناقابل یقین حد تک باخبر ہیں اور ہمارے کام میں حقیقی دلچسپی لے رہے ہیں۔‘
’پویلین میں آنے والے زائرین بصیرت انگیز سوالات پوچھتے ہیں اور ہماری جانب سے پیش کی جانے والی وضاحتوں کو غور سے سنتے ہیں۔‘
 ریاض کتاب میلہ 26 ستمبر سے جاری ہے اور سنیچر 5 اکتوبر میلے کا آخری دن ہے۔
 

شیئر: