Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں دنیا کے سب سے بڑے ’بٹرفلائی ڈوم‘ کا منصوبہ

تفریح گاہ میں مصنوعی جھیل اورجزیرہ بھی تعمیر کیا جائے گا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
طائف میونسپلٹی نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے نجی کمپنی سے ’بٹرفلائی ڈوم‘ بنانے کا معاہدہ کیا ہے۔ اپنی نوعیت کا منفرد تفریحی گنبد 33 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا جائے گا۔
سبق نیوز کے مطابق منصوبے کے مطابق تفریحی بٹرفلائی ڈوم دنیا کا سب سے بڑا شیشے کا گنبد ہوگا جس میں ہولوگرام ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
مجوزہ گنبد 2 ہزار 827 مربع میٹرپر تعمیر کیا جائے گا جس کا بلندی 23 میٹر اور قطر 60 میٹر ہوگا جس سے ملحق دنیا کا سب سے بڑا کورڈ باغ بھی بنایا جائے گا۔
تفریح گاہ میں کافی لاؤنج کے علاوہ 5 ہزار مربع میٹر پر محیط مصنوعی جھیل  اور اس کے وسط میں 1400 میٹرپر کا  جزیرہ وہاں آنے والوں کے لیے تفریح کا منفرد مقام ہوگا۔

تتلیوں کے گنبد میں ہولوگرام ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی(فوٹو، ایکس )

جزیرے تک جانے کے لیے خوبصورت کشتیاں چلائی جائیں گی جبکہ جزیرے میں ہرن، مور اور انواع و اقسام کے پرندے ہوں گے جنہیں دیکھ کر ایسا محسوس ہوگا کہ حقیقی جزیرے میں سیر کر رہے ہیں۔
دنیا کے سب سے بڑے مجوزہ تفریحی شیشے کے گنبد میں دسیوں اقسام کی تتلیاں چھوڑی جائیں گی جو ماحول کی دلکشی میں اضافے کا باعث ہوں گی۔

شیئر: