Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون 16 سیریز کی قیمتوں کا اعلان، پی ٹی اے ٹیکس کتنا؟

ایپل نے 9 ستمبر کو آئی فون 16 سیریز کا باضابطہ اعلان کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے پاکستان میں تسلیم شدہ ڈسٹری بیوٹر مرسینٹائل نے آئی فون 16 سیریز کی باضابطہ قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ 
پیر کو مرسینٹائل نے اپنی ویب سائٹ پر آئی فون 16 سیریز کے تمام نئے فونز کی قیمتوں کا اعلان کیا۔ 
مرسینٹائل کے مطابق آئی فون 16 پرو کی قیمت 4 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے سے شروع ہو رہی ہے جو ون ٹیرا بائٹ ویرینٹ کے لیے 6 لاکھ 58 ہزار تک جاتی ہے۔
آئی فون 16 پرو میکس کے 256 جی بی ویرینٹ کی قیمت 5 لاکھ 40 ہزار 500 روپے مختص کی گئی ہے۔ 16 پرو میکس کا 512 جی بی ویرینٹ 6 لاکھ 18 ہزار 500 اور 1 ٹیرا بائٹ ویرینٹ 6 لاکھ 98 ہزار 500 روپے کا ہے۔ 

دوسری جانب سٹینڈرڈ آئی فون 16 کی قیمت 3 لاکھ 69 ہزار سے شروع ہو کر 4 لاکھ 85 ہزار تک جاتی ہے۔ 
آئی فون 16 پلس کی قیمت 4 لاکھ 7 ہزار 500 روپے سے شروع ہو رہی ہے جو سٹوریج ویرینٹ کے حساب سے 5 لاکھ 24 ہزار روپے تک جاتی ہے۔ 

ایپل نے اب تک پاکستان میں اپنا کوئی آفیشل سٹور نہیں کھولا تاہم مرسینٹائل کمپنی پاکستان میں ایپل کی مصنوعات کی ترسیل کے لیے مختص کی گئی ہے۔ 
مرسینٹائل کی جانب سے پاکستان میں سیل کیے جانے والے آئی فونز فیزیکل پلس ای سیم ماڈلز ہیں اور یہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) سے منظور شدہ ہوتے ہیں۔
ان فونز کو ایپل کی آفیشل وارنٹی بھی حاصل ہوتی ہے جو عام طور پر امپورٹ کیے گئے آئی فونز میں کلیم کرنا صارفین کے لیے پیچیدہ عمل بن جاتا ہے۔ 
واضح رہے مرسینٹائل کمپنی کے پاس لوکل پاکستانی موبائل ڈیلرز اپنی دکانیں رجسٹرڈ کرواتے ہیں اور ان کے پاس مرسینٹائل کا سٹاک بھی موجود ہوتا ہے۔ 
پاکستان میں ایپل سٹور نہ ہونے کے باعث نئے آئی فونز کے لانچ پر لوکل مارکیٹس میں غیریقینی کی صورتحال دیکھی جاتی ہے جس کے باعث آئی فونز کی قیمتیں ایپل کی مقرر کردہ قیمتوں سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔ 


پاکستان میں تاحال ایپل نے اپنا کوئی آفیشل سٹور لانچ نہیں کیا (فوٹو: اے ایف پی) 

لوکل ریٹیلیرز یعنی دوکاندار آئی فونز خود بیرون ممالک سے امپورٹ کرتے ہیں، اس پر اضافی کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکس ادا کر کے نئے آئی فونز پریمیئم قیمتوں میں بیچتے ہیں۔ 
اس میں کاروبار کا ’سپلائی اینڈ ڈیمانڈ‘ کا اصول لاگو ہوتا ہے، نیا آئی فون جلد سے جلد پاکستان میں لا کر بیچنا اور خریداروں کی ڈیمانڈ نئے آئی فونز کی قیمتیں مختص کرتی ہے اور اس میں بظاہر کوئی ریگولیشن نظر نہیں آتی۔ 
مرسینٹائل کے آئی فونز کا صارفین کو اس لیے انتظار ہوتا ہے کیونکہ یہ ایپل کی جانب سے پاکستان کے لیے مختص کردہ کمپنی ہے جو آئی فونز سیل کرتی ہے اور اگر پی ٹی اے کا ٹیکس قیمت میں سے نکالا جائے تو فون کی قیمت ایپل کی آفیشل پرائس کے آس پاس ہی بنتی ہے۔ 
مثال کے طور پر آئی فون 16 پرو میکس 256 جی بی کی قیمت کو دیکھ لیں، مرسینٹائل یہ فون 5 لاکھ 40 ہزار 500 روپے میں فروخت کر رہا ہے۔ 
ایپل کی جانب سے 16 پرو میکس 256 جی بی کی قیمت 1199 امریکی ڈالر مختص کی گئی ہے جو پاکستانی روپوں میں 3 لاکھ 32 ہزار 400 کے قریب بنتی ہے۔
یاد رہے پاکستان میں آئی فونز کے لیے پی ٹی اے ٹیکس بھی مرسینٹائل بھی اپنی قیمت میں شامل کرتا ہے۔ اوپر دیے گئے حساب میں سے اگر پرافٹ مارجن کو نظر انداز کر کے بھی 16 پرو میکس پر پی ٹی اے ٹیکس کا تخمینہ لگایا جائے تو اس کی قیمت 2 لاکھ روپے سے قریب بنتی ہے۔ 
تو کیا واقعی آئی فون 16 پرو میکس پر پی ٹی اے کا ٹیکس 2 لاکھ سے زیادہ ہے؟ 
سوشل میڈیا پر ایپل کمیونٹی پاکستان کے فیس بک گروپ سے صارفین کی جانب سے ملنے والی حالیہ معلومات کے مطابق انہوں نے اپنے نئے آئی فون 16 پرو میکس کے لیے شناختی کارڈ سے 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹیکس ادا کیا ہے۔

وائس آف کسٹمر نامی فیس بک گروپ میں ایک صارف نے پی ٹی اے ٹیکس ادائیگی کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 2 لاکھ 13 ہزار کے قریب پی ٹی اے ٹیکس ادا کیا ہے۔ 

واضح رہے صارفین پی ٹی اے ٹیکس کی ادائیگی دو طریقوں سے کر سکتے ہیں جن میں ایک بذریعہ شناختی کارڈ ہوتی ہے اور دوسری اس پاسپورٹ کے ذریعے کی جاتی ہے جس کی حال میں سفر کرنے کی تاریخ کا ثبوت موجود ہو۔ 
پی ٹی اے ٹیکس شناختی کارڈ کی نسبت پاسپورٹ میں قدر کم ہوتا ہے۔ آئی فون 16 کی صورت میں پاکستانی صارفین کا دعویٰ ہے کہ جہاں شناختی کارڈ پر انہوں نے 2 لاکھ سے زائد پی ٹی اے ٹیکس ادا کیا وہیں پاسپورٹ پر اس ٹیکس کی قیمت 1 لاکھ 80 ہزار کے قریب ہے۔ 
سوشل میڈیا صارفین کے دعوے ایک طرف، انٹرنیٹ پر موجود ’فون ورلڈ‘ نامی ویب سائٹ نے بھی آئی فون 16 سیریز کے پی ٹی اے ٹیکس کی نشاندہی کچھ اس طرح کی ہے۔


فوٹو: فون ورلڈ ویب سائٹ 

یاد رہے مرسینٹائل کے آئی فونز میں یہ پی ٹی ٹیکس پہلے سے ادا کیا جا چکا ہوتا ہے، تاہم ڈالر ریٹ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مرسینٹائل کے 16 پرو میکس کی قیمت کا حساب لگایا جائے تو 5 لاکھ 60 ہزار کی قیمت میں 1 لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ کے قریب پی ٹی ٹیکس شامل ہے اور باقی بچنے والی قیمت 3 لاکھ 40 ہزار ایپل کی آفیشل قیمت کے قریب قریب بنتی ہے۔ 
سب سے اہم بات یہ ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے بھاری ٹیکسز کے پیش نظر آئی فون صارفین کی بڑی تعداد پاکستان میں نون پی ٹی اے آئی فونز استعمال کرتی ہے، جبکہ مرسینٹائل کے آئی فونز پی ٹی اے سے الحاق شدہ ہوتے ہیں۔ 
 

شیئر: