Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: ’عمران خان سے ملاقات کروا دیں، احتجاج کی کال واپس لے لیں گے‘

تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران اگر کوئی نقصان ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔
اتوار کو تحریک انصاف کے سیکریٹری نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ عمران خان سے ملاقات کی صورت میں احتجاج کی کال واپس لیں گے۔
’اسلام آباد احتجاج کے دوران اگر کوئی نقصان ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی کیونکہ جن کے پاس طاقت ہو ذمے دار بھی وہی ہوتے ہیں، آپ عمران خان سے ہماری ملاقات کروا دیں ہم احتجاج کی کال واپس لے لیں گے۔‘
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے بانی تحریک انصاف کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کور کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر، وکیل یا کسی بھی پارٹی رہنما کی ملاقات کرا دی گئی تو احتجاج ملتوی کر دیا جائے گا۔
’ملاقات نہ کرائی گئی تو 15 اکتوبر کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔‘

سنیچر کو پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقعے پر پاکستان تحریک انصاف کو قطعی طور پر احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ 15 اکتوبر کو وفاق پر یلغار کرنے والوں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔
جمعے کی شام پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے پنجاب کے مختلف شہروں کے لیے دی گئی احتجاجی کال واپس لیتے ہوئے تمام ورکرز کو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
یہ کال ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب ٹھیک 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہو رہا ہے۔ اور اسی دن چینی وزیر اعظم بھی پاکستان میں پہنچ رہے ہوں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 سے 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس کے لیے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں کن ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے؟

 
پاکستان کی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔
اتوار کو ایک بیان میں وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں ایران کے پہلے نائب صدر اور انڈیا کے وزیر خارجہ شریک ہوں گے۔
پاکستان ایس سی او  کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
ایس سی او  کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے وزیر اعظم محمد شہباز اجلاس کی صدارت کریں گے۔
آبزرور ریاست منگولیا کے وزیراعظم  اور وزراء کی کابینہ  کے نائب چیئرمین ایس سی او اجلاس میں شرکت کریں گے۔
 ترکمانستان کے وزیر خارجہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک پلان

اسلام آباد میں ٹریفک پولیس کے 1100 سے زائد افسران فرائض انجام دیں گے۔
 جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے حضرات ٹیکسلا، موٹر وے، چکری انٹر چینج، چک بیلی روڈ، روات استعمال کریں۔
 لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے حضرات روات، چک بیلی روڈ، چکری انٹرچینج، موٹروے، ٹیکسلا استعمال کریں۔
 مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دی جائے گی۔
 بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے حضرات کورنگ روڈ، بنی گالہ سے لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔
 راولپنڈی سے اسلام آباد آنیوالے صدر مری روڈ سے  نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
زیر و پوائنٹ فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے آنے جانے والی تمام ٹریفک کے لیے بند ہو گی۔
کرنل شیر خان شہید روڈ سے فیض آباد آنے والے حضرات نائنتھ ایونیو سگنل سے سٹیڈیم روڈ استعمال کریں۔
 پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک براستہ ٹیکسلا، موٹر وے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ روڈ انٹرچینج، موٹر وے استعمال کریں۔
لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانیوالی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری انٹرچینج، موٹر وے استعمال کریں۔
14، 15 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔
14 سے 17 اکتوبر تک جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بند رکھنے کا فیصلہ
انتظامیہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پیش نظر جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک معطل رہے گی۔

شیئر: