دبئی میں 8 ماہ کے دوران 11.93 ملین سیاحوں کی آمد
رواں سال 7.5 فیصد بین الاقوامی سیاحوں کا اضافہ ہوا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے کہا ہے کہ اس سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران 11.93 ملین سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران سیاحوں کی تعداد 11.1 ملین تھی، اس سال 7.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق نئے اعدادوشمارمیں بتایا گیا کہ دبئی نے اس سال سیاحوں کی آمد میں اضافے کے ساتھ، ہوٹل کے کمروں کی تعداد اور بکنگ گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ رہی۔
محکمہ اقتصادیات و سیاحت کا کہنا ہے اگست کے اختتام پر دبئی میں ہوٹلوں کی تعداد 824 تھی، کمروں کی تعداد 151388 سے زائد رہی جبکہ اگست 2023 کے آخر میں دبئی میں ہوٹلوں کی تعداد 814 اور اس کے کمرے 148593 تھے۔
دبئی کی کل ہوٹل مارکیٹ میں فائیو سٹار لگژری ہوٹل کے کمروں کا حصہ 35 فیصد ہے جس میں 165 ہوٹل ہیں ان میں 52.7 ہزار کمرے ہیں فور سٹار ہوٹلوں کی شرح 29 فیصد اور ان کی تعداد 196 ہے۔ ان میں کمروں کی تعداد 43.6 ہزار ہے۔
اسی طرح تھری سٹار اور فور سٹار ہوٹلوں کی شرح 19 فیصد ہے۔ ہوٹلوں کی تعداد 275 اور ان میں کمروں کی تعداد 28.9 ہزار ہے۔
ہوٹل اپارٹمنٹس میں 188 پراپرٹیز ہیں جن میں 26.1 ہزار کمرے ہیں جو دبئی کی کل ہوٹل مارکیٹ کا تقریبا 17 فیصد بنتے ہیں۔
دبئی میں 2024 کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران ہوٹل کمروں کی بکنگ کی شرح 76.2 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ سال یہ شرح 75.5 فیصد تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق اس سال ایک ہوٹل کے کمرے کا اوسط کرایہ 503 درہم تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 487 درھم تھا جبکہ دستیاب کمروں کا اوسط کرایہ 384 درھم رہا جو گزشتہ سال 368 درھم تھا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں