Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت تجارت کی تفتیشی کارروائی، گودام سے سیکڑوں غیرمعیاری ٹائر برآمد

نئے ٹائر ظاہر کرتے ہوئے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا ( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے مکہ مکرمہ میں ایک گودام سے 500 سے زائد گاڑیوں کے غیرمعیاری ٹائر برآمد کرکے گودام کوسیل کردیا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت اور سعودی کوالٹی سٹینڈرڈ اتھارٹی کی مشترکہ تفتیشی ٹیم نے مکہ مکرمہ کے شمالی علاقے الزھرا میں واقع ایک گودام کی دوہفتے تک نگرانی کرنے کے بعد تفتیشی کارروائی کی جہاں گاڑیوں کے ٹائرز سٹور کیے گئے تھے۔
تفتیشی ٹیم نے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ  گودام میں غیرمعیاری اور پرانے ٹائرلائے جاتے تھے جنہیں درست کرنے اور ان پر تاریخ تبدیل کرنے کے بعد نئے ٹائرظاہر کرتے ہوئے مارکیٹ میں فروخت کردیا جاتا تھا۔
وزارت تجارت کی ٹیم نے گودام کے مالک کے خلاف تجارتی جعل سازی کا مقدمہ دائرکردیا جبکہ گودام سے برآمد ہونے والے تمام ٹائر تلف کرنے کے لیے ضبط کرلیے گئے۔
قانون کے مطابق جعل سازی پر تین برس قید اور 10 لاکھ ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے۔ جرم کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے دونوں سزائیں بھی بیک وقت دی جاسکتی ہیں۔
واضح رہے روڈ سیفٹی کے ضوابط کے مطابق گاڑیوں کے ٹائروں کے استعمال کی مدت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ پرانے یا غیرمعیاری ٹائر خطرناک حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔

شیئر: