Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی بحالی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی: انڈیا کی وضاحت

اجلاس کے بعد پاکستانی و انڈین وزراء خارجہ کی ایک مختصر ویڈیو سامنے آئی تھی (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈیا نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی بحالی سے متعلق کسی بھی قسم کی بات چیت ہونے کی تردید کر دی ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے بعد ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کے درمیان کرکٹ کی بحالی پر بات ہوئی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے جمعے کو ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایس جے شنکر نے غیررسمی ماحول میں عہدے داروں کے ساتھ خوش گپیوں کا تبادلہ کیا۔
واضح رہے کہ منگل کو اس بارے میں نشر ہونے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کھیلوں کی شعبے میں روابط کی بحالی کا آغاز فروری مارچ 2025 میں پاکستان کی میزبانی میں چیمئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے ہو گا۔
جمعے کو انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر سنگھ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ’جہاں تک کرکٹ سے متعلق بات چیت کا تعلق ہے تو میں یہی کہوں گا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ اس ضمن میں آپ نے جو خبریں دیکھی ہیں وہ درست نہیں ہیں۔‘
رندھیر سنگھ نے کہا کہ ’ایس سی او اجلاس کے سائیڈ لائنز بالخصوص لنچ اور ڈنر پر کچھ خوش گپیوں کا تبادلہ ضرور ہوا، میں وزیرِخارجہ کے دورۂ پاکستان اور وہاں کے حکام کے بات چیت سے متعلق یہی جانتا ہوں۔‘
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس معاملے واقف ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے دیے گئے عشائیے اور پھر بدھ کی سہ پہر لنچ پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے مختصر بات چیت کی تھی۔
بدھ کی دوپہر لنچ کے دوران ایس جے شنکر اور اسحاق ڈار کی نشستوں کے ساتھ ساتھ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’بیٹھنے ترتیب سے متعلق انتظام کا ذمہ دار پاکستانی پروٹوکول ڈویژن تھا لیکن وہاں کوئی ایسی خاص بات چیت نہیں ہوئی۔‘

شیئر: