Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سمارٹ فونز کےلیے اب ایک ہی چارجر، یکم جنوری 2025 سے نفاذ

اس سے صارفین کو سالانہ 170 ملین ریال سے زیادہ کی بچت ہوگی۔ (فوٹو عاجل,)
سعودی حکام نے موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے چارجنگ پورٹس کو ایک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یکم جنوری 2025 سے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ 
اب ایک ہی چارجر ہوگا۔ ’یو ایس بی ٹائپ سی‘ کو عام سمارٹ فون چارجر کے لیے لازمی قرار دیا جائے گا۔
عاجل ویب کے مطابق مملکت میں کمیونیکیشنز، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن اور سعودی سٹینڈرڈز میٹرولوجی اینڈ کوالٹی آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سعودی عرب میں صارفین کے تجربےکو بہتر بنانا، اضافی اخراجات کو کم کرنا اور ٹیک مصنوعات کے معیار کو بہتر بناتے ہوئے اعلی معیار کی چارجنگ اور ڈیٹا ٹرانسفر ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہے۔
 یونیفائیڈ چارجنگ پورٹس سے موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے لیے چارجنگ پورٹس کی مقامی کھپت میں سالانہ 2.2 ملین یونٹ سے زیادہ کی کمی متوقع ہے۔
توقع ہے اس سے سعودی عرب میں صارفین کو سالانہ 170 ملین ریال سے زیادہ کی بچت ہوگی۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک فضلے کو سالانہ  تقریبا 15 ٹن تک کم کرکے  ٹیکنالوجی کے شعبے میں پائیداری کے لیے مملکت کے  اہداف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
پہلے مرحلے میں موبائل فونز، ٹیبلیٹس، ڈیجیٹل کیمرے، ای ریڈرز، پورٹیبل ویڈیو گیمز کنسولز، ہیڈ فونز، ایئر فونز، ایمپبلیفائرز، کی بورڈز، کمپیوٹر کرسر ڈیوائسز (ماؤس) کے علاوہ پورٹیبل نیویگیشن سسٹمز، پورٹیبل سپیکرز اور وائرلیس راؤٹرز شامل ہوں گے۔
دوسرا مرحلہ یکم اپریل 2026 سے شروع ہوگا اس میں لیپ ٹاپ شامل ہوں گے۔
واضح رہے کمیونیکیشنز اینڈ سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن اور سعودی سٹینڈرڈز میٹرولوجی اینڈ کوالٹی آرگنائزیشن نے 6 اگست 2023 کو سعودی مارکیٹ میں موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے لیے چارجنگ پورٹس کو ایک کرنے کے مراحل کا اعلان کیا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: