Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملے میں تین صحافی جان سے گئے، مقامی میڈیا

صحافیوں کی کمیٹی کے مطابق غزہ جنگ کے بعد سے غزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں کم از کم 128 صحافی اور میڈیا ورکرز ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
لبنان کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ شمالی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں تین صحافی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر حملوں سے عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی این این اے نے کہا ہے کہ ’زحلہ میں ہمارے نمائندے نے رپورٹ کیا ہے کہ حاصبایا پر اسرائیلی حملے میں تین صحافی ہلاک ہو گئے ہیں۔‘
این این اے نے کہا کہ جمعرات کی رات کو 3 بج کر 30 منٹ پر شام کی سرحد کے قریب اسرائیلی فوجی طیاروں نے حملہ کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق حاصبایا پر فضائی حملے میں ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا جو لبنان کے دارالحکومت بیروت سے 50 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔
نیوز ایجنسی این این اے نے کہا کہ ایک اور حملے میں بیروت کے جنوبی علاقے شوفات الامروسی پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے دو عمارتوں کو تباہ کر دیا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور کالے دھوئیں نے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔‘
جنوبی بیروت پر حملے سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ قبل اسرائیل نے علاقہ خالی کرنے کا کہا تھا جو دراصل حزب اللہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام دیا کہ ’آپ ایسی تنصیبات اور مقامات کے قریب رہائش پذیر ہیں جو حزب اللہ کی سمجھی جاتی ہیں اور جنہیں مستقبل قریب میں اسرائیلی دفاعی افواج نشانہ بنائیں گی۔‘
این این اے نے رپورٹ کیا کہ ’اسرائیلی جنگی طیاروں نے کچھ دیر پہلے جنوی بیروت کے علاقے شوفات پر نیا حملہ کیا‘ جبکہ اس سے کچھ دیر بعد نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ ’حارت حریک اور حدث کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔‘
اے ایف پی کی فوٹیج سے واضح ہے کہ بدھ کی شام کو جنوبی بیروت پر ہونے والے اسرائیلی حملے سے چھ عمارتین زمین بوس ہوئی ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ’شہری عمارتوں کے اندر اور نیچے‘ قائم حزب اللہ کے ہتھیار تیار کرنے والے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔
ایک سال سے جاری غزہ جنگ کے بعد 23 ستمبر کو اسرائیل نے لبنان پر شدید فضائی مہم کا آغاز کیا تھا اور بعد میں زمینی کارروائی کا اعلان کیا۔ تب سے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم ایک ہزار 580 افراد ہلاک ہو چکے ہیں تاہم حقیقی اعداد و شمار اس سے زیادہ ہیں۔
صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی کمیٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کے بعد سےغزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں کم از کم 128 صحافی اور میڈیا ورکرز ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: