ایران کو اسرائیل کے حملوں کا جواب نہیں دینا چاہیے: پینٹاگون
اتوار 27 اکتوبر 2024 6:00
امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ حملوں کے اس تبادلے کا اختتام کا ہونا چاہیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے تہران کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ایران میں فوجی تنصیبات پر حملوں کا جواب نہ دے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے بات چیت میں خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔
ایک بیان میں لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ’ایران کو اسرائیل کے حملوں کا جواب دینے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے اور حملوں کے اس تبادلے کا اختتام کا ہونا چاہیے۔‘
دوسری جانب سنیچر کو ایران نے خبردار کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے فضائی حملوں کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔ اسرائیلی حملوں میں کم سے کم چار فوجی ہلاک ہوئے۔
سنیچر کو اسرائیل نے کہا تھا کہ اگر ایران نے اُس کے فضائی حملوں کے جواب میں کارروائی کی تو اسے ’بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔‘
اسرائیل نے ایران پر میزائل داغنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ متعدد علاقوں میں فوجی تنصیبات اور میزائل کی فیکٹریوں کو نشانہ بنایا۔
ایران کے سرکاری ٹی وی چینل نے بتایا تھا کہ دارالحکومت تہران کے قریب شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تہران کے اطراف میں کم از کم چھ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ فضائی دفاعی سسٹم کی جوابی کارروائی سے بھی دھماکے سُنے گئے۔
ادھر امریکہ، برطانیہ اور جرمنی نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر حملہ نہ کرے تاکہ پرتشدد کارروائی کے اس جوابی سلسلے کو ختم کیا جا سکے۔