Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ ہسپتال پر اسرائیلی فوج کا چھاپہ، ڈائریکٹر سمیت طبی عملہ ساتھ لے گئے

کمال عدوان ہسپتال میں طبی عملے اور ادویہ کے بغیر مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
شمالی غزہ کے ہسپتال کمال عدوان  پر اسرائیلی فورسز  نے دھاوا بولنے کے ایک دن بعد ہسپتال کے احاطے سے انخلا کر دیا ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق فلسطینی علاقے کی وزارت صحت کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے ہسپتال کے طبی عملے کے درجنوں مرد اور کچھ مریضوں کو اسرائیلی فوجیوں نے حراست میں لے لیا ہے۔
فلسطینی شعبہ صحت کے حکام کا کہنا ہے ’گذشتہ روز جمعے کو اسرائیلی فورسز نے کمال عدوان ہسپتال پر دھاوا بولا تھا جو علاقے میں زخمیوں کے لیے تین طبی سہولیات میں سے ایک ہے اور ہسپتال کے باہر فورسز تعینات کر دی تھیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے گردش کرنے والی فوٹیج جس کی روئٹرز فوری طور پر تصدیق نہیں کرسکا‘ میں دکھایا گیا ہے اسرائیلی فوجیوں کے واپس جانے کے بعد کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ ہسپتال کی 70 رکنی طبی ٹیم میں سے ڈائریکٹر سمیت کم از کم 44 افراد کو اسرائیلی فوجی اپنے ساتھ لے گئے بعد میں ڈائریکٹر سمیت 14 ارکان کو رہا کر دیا۔ 
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے جمعے کو کہا کہ ہسپتال کے علاقے میں ’دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں‘ انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا تاہم ہسپتال کی رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ ’اسرائیلی فوج کے چھاپے میں آکسیجن سٹیشن پر آگ لگنے کے بعد آئی سی یو میں زیرعلاج دو بچے چل بسے تھے۔‘
طبی ماہرین نے مزید بتایا کہ ’فوج کے چھاپے سے قبل ہسپتال میں کم از کم 600 افراد تھے، جن میں مریض اور ان کے لواحقین  شامل تھے۔‘

 ہسپتال میں 600 مریض اور ان کے لواحقین  موجود تھے۔ فائل فوٹو روئٹرز

وزارت صحت کے ترجمان مروان الحمس نے کہا کہ ’کمال عدوان ہسپتال میں طبی عملے کی حفاظت اور ادویات کے بغیر مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، اسرائیلی چھاپے کے دوران ہسپتال کی تین نرسیں زخمی ہوئیں اور تین ایمبولینس گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔‘
غزہ کی وزارت نے مزید کہا ہے کہ ’شمالی غزہ کے قصبوں جبالیہ، بیت حنون اور بیت لاہیا پر اسرائیلی فوج کے متعدد حملوں میں اب تک 800 کے قریب فلسطینی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔‘
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی افواج شمالی غزہ میں دوبارہ منظم ہونے والے حماس کے جنگجوؤں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے واپس آئی ہیں۔ 
اسرائیلی فوج نے جمعے کو کہا کہ ’اس کے تین فوجی غزہ کی پٹی کے شمال میں جنگجوؤں سے لڑائی میں مارے گئے۔‘

شیئر: