ڈاک ٹکٹوں کا نادر کلیکشن جو ’سعودی تاریخ بیان کرتا ہے‘
ڈاک ٹکٹوں کا نادر کلیکشن جو ’سعودی تاریخ بیان کرتا ہے‘
جمعرات 31 اکتوبر 2024 5:37
نمائش میں قدیم ترین ڈاک ٹکٹ مارچ 1925 کا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے ڈاک ٹکٹوں کا ایک نادر کلیکشن نمائش کے لیے رکھا ہے جو مملکت کے قیام سے پہلے اور بعد کے مختلف قومی مواقع اور واقعات کے حوالے سے سعودی تاریخ بیان کرتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق لائبریری میں 13ہزار ڈاک ٹکٹ شامل موجود ہیں جن میں کنگ عبدالعزیزکے دور میں جاری کردہ نادر نمونے شامل ہیں۔
نمائش کے لیے رکھے جانے والے کلیکشن میں قدیم ترین ڈاک ٹکٹ مارچ 1925 کا ہے۔
ایک تاریخی ڈاک ٹکٹ جو خصوصی اہمیت کا حامل ہے 1931-1932 میں کنگ عبدالعزیز کی تخت نشینی کی یاد میں ہے جو 23 ستمبر 1932 کو مملکت کے اتحاد سے پہلے کا ہے۔
’مملکت سعودی عرب‘کے نام سے پہلا ڈاک ٹکٹ 1934 میں جاری کیا گیا تھا جس کے کئی ایڈیشن مختلف رنگوں میں پرنٹ کیے گئے تھے۔
کنگ عبدالعزیز کے دور میں ریلوے کے افتتاح، عرب اور اسلامی رہنماؤں کے دورے اور ایئرمیل سروس کے آغاز جیسے اہم واقعات کے حوالے سے بھی ڈاک ٹکٹوں کا سیٹ جاری کیا گیا۔
نادر ڈاک ٹکٹوں کا یہ کلیکشن سعودی عرب کی تاریخی ترقی اور اس کے پوسٹل سسٹم کی ایک جھلک پیش کرتا ہے۔