سعودی عرب کے 12 ریجنوں میں موسمی الرٹ
’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ طائف، الخرمہ، بحرہ، جموم اور القنفذہ میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے آج ہفتے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت 12 ریجنوں کو موسم کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ ریاض، مشرقی اور شمالی ریجن، باحہ، حائل، الجوف، عسیر، جازان ، قصیم اور تبوک میں کہیں بارش اور کہیں گرد وغبار ہوگا۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ طائف، الخرمہ، بحرہ، جموم، القنفذہ، الکامل اور قرب وجوار میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے‘۔
’جبکہ مدینہ منورہ شہر کے علاوہ خیبر، الحناکیہ، المہد اور وادی الفرع میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی‘۔
ریاض کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’ریاض شہر سمیت الافلاج، وادی الدواسر، الخرج اور الدرعیہ میں گرد وغبار رہے جس کی وجہ سے حد نگاہ کافی حد تک متاثر ہوگی‘۔
’ اس سے ملتی جلتی کیفیت مشرقی ریجن کے شہروں الخفجی، النعیریہ، حفر الباطن اور دیگر میں ہے جہاں شام 5 بجے تک حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’الجوف، تبوک، شمالی حدود، الباحہ، حائل، عسیر اور جازان ریجنوں میں موسلادھار بارش، تیز ہوا اور بعض أوقات اولے گرنے کا امکان ہے‘۔