ہلال احمر نے مسجد نبوی کے قریب ایمبولینس بائیک کے ذریعے 70 سالہ مریض کی جان بچالی
مریض کو مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ (فوٹو عاجل)
سعودی ہلال احمر اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے قریب ایک 70 سالہ مریض کو جدید ایمبولینس بائیک کے ذریعے مدد فراہم کرکے جان بچالی گئی۔
عاجل نیوز کے مطابق ہلال احمر کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی کے قریب ایک مریض کی جان اس وقت بچالی گئی جب اسے دل کا دورہ پڑا اور سانس لینے میں تکلیف ہوئی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ایمبولینس بائیک موقع پر پہنچ گئی۔
مدینہ منورہ میں ہلال احمر برانچ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد بن علی الزہرانی نے کہا کہ اتھارٹی کو 70 سال کے ایک مریض کے دل کا دورہ پڑنے اور سانس لینے میں تکلیف کی اطلاع جیسے ہی ملی فوری طور پر ایک ٹیم جدید ایمبولینس بائیک کے ذریعے جائے واقعہ پر پہنچی۔
الزہرانی کا کہنا تھا کہ طبی ٹیم نے کارڈیوپلمونری ریسیسٹیشن (سی پی آر) کرنے کے بعد 5 منٹ سے بھی کم وقت میں مریض کی نبض بحال کرنے میں کامیابی حاصل کرلی جس کے بعد اسے ضروری طبی دیکھ بھال اور مزید علاج کے لیے السلام انڈومنٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اب اس کی حالت بہتر ہے۔
الزہرانی کا کہنا ہے کہ رش والی جگہوں سے مریض کو مدد فراہم کرنا اور وہاں سے ہسپتال منتقلی میں تیزی کے لیے اتھارٹی نے ہنگامی امداد کے لیے جدید موٹر سائیکلوں کا استعمال شروع کیا ہے ان میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام چیزیں موجود ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں