Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر بیٹا حقیقی مسیحا بن گیا، جگر کا ٹکڑا عطیہ کرکے باپ کی جان بچالی

بھائی کے مطابق والد کو ہیپٹائیٹس کی وجہ سے صحت کی خرابی کی شکایت رہتی تھی (فوٹو: ڈاکٹر مجاہد)
پشاور ینگ ڈاکٹرز کے صدر اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر مجاہد خان نے اپنے بیمار والد کے لیے جگر کا ٹکڑا عطیہ کرکے نئی زندگی دی۔
دوسروں کی زندگی بچانے والے ڈاکٹر کو مسیحا کہا جاتا ہے مگر پشاور کا ایک بیٹا اپنے والد کے لیے حقیقی مسیحا ثابت ہوا۔
پشاور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ٹرینی آفیسر ڈاکٹر مجاہد نے بیمار والد کو جگر کا ٹکڑا عطیہ کیا جو اس وقت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹوٹ لاہور میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹر مجاہد کے والد کا ٹرانسپلانٹ 30 اکتوبر کو ہوا۔
ڈاکٹر مجاہد کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے، تاہم ان کی صحت خطرے سے باہر ہے جبکہ ان کے والد عبدالستار بھی صحت مند ہیں۔
ڈاکٹر مجاہد کے بھائی بہار علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹر چھوٹا بھائی ہے لیکن اس نے والد کو نئی زندگی دے کر بڑا کام کر دکھایا۔  
بھائی کے مطابق والد کو ہیپٹائیٹس کی وجہ سے صحت کی خرابی کی شکایت رہتی تھی۔ گذشتہ مہینے جب مکمل ٹیسٹ کروائے گئے تو انہیں ٹرانسپلانٹ کی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ والد کے جگر کے ٹرانسپلانٹ کا سنتے ہی چھوٹے بھائی ڈاکٹر مجاہد نے عطیہ کرنے کا ارادہ کرلیا تھا۔ ’پورے خاندان کے احساسات اور جذبات ناقابل بیان ہیں۔ ڈاکٹر نے تمام نوجوانوں کے لیے مثال قائم کر دی ہے۔‘
بہار علی  نے کہا کہ ’پورے خاندان میں خوشی کا سماں ہے، دونوں کی صحتیابی پر  سب بہت خوش ہیں۔‘
ڈاکٹر مجاہد کی کامیاب سرجری کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے ڈاکٹر مجاہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ ’ڈاکٹر مجاہد خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک خدمت گزار ڈاکٹر ہیں جنھوں نے ہمیشہ مریضوں کی خدمت کی۔‘

شیئر: