کتنے غیرملکیوں کو پریمیم اقامہ جاری کیا جا چکا ہے؟
پریمیم اقامہ سینٹر کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ مملکت میں 14 ممالک سے تعلق رکھنے والے 38 کاروباری افراد کو پریمیم اقامہ جاری کیا جا چکا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کی اتھارٹی ’منشیات‘ کی جانب سے منعقدہ ’بیبان 24 کانفرنس‘ میں مزید کہا گیا کہ جن غیرملکیوں کو پریمیم اقامہ جاری کیا گیا ہے وہ مالیاتی اور منصوعی ذہانت کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں۔
کاروباری افراد کو پریمیم اقامہ دینے کا مقصد مملکت میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ اور معیشت کو مزید بہتر بنانے کےلیے متنوع ذرائع کو فروغ دینا ہے۔
واضح رہے ریاض میں ہونے والی کانفرنس ’بیبان 24 ‘ کا عنوان ’عالمی سطح پر بہترین مواقع‘ رکھا گیا ہے جس میں تاجر، سرمایہ کار اور ماہرین کو مدعو کیا گیا ہے جو مملکت میں اپنے کاروباری تجربات پر روشنی ڈالتے ہیں۔
خیال رہے کہ پریمیم اقامہ سینٹر کی جانب سے مملکت میں رہنے والے سرمایہ کار، صنعت کار، تاجر اور منفرد پیشوں سے تعلق رکھنے والوں کے لیے پریمیم اقامہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہ 7 اقسام پرمشتمل ہے جن میں غیرمعمولی صلاحیت کے حامل غیرملکی، سرمایہ کار، صنعت کار، جائیداد خریدنے والے شامل ہیں جو پریمیم اقامہ سینٹر کی شرائط پر پورا اترتے ہیں۔ وہ اس کیٹگری کے اقامہ کے لیے پورٹل پر درخواست داخل کرسکتے ہیں جس کا جائزہ لینے کے بعد مستقل یا محدود مدت کےلیے پریمیم اقامہ جاری کیا جاتا ہے۔