’ٹرمپ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ختم کرائیں‘، غزہ کے شہریوں کا مطالبہ
’ٹرمپ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ختم کرائیں‘، غزہ کے شہریوں کا مطالبہ
جمعرات 7 نومبر 2024 6:15
فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ ’جنگ ختم کرنے کے لیے ٹرمپ جیسے مضبوط شخص کی ضرورت ہے‘ (فوٹو: روئٹرز)
غزہ میں رہنے والے فلسطینی چاہتے ہیں کہ امریکی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کا خاتمہ کریں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق غزہ کے علاقے جبالیہ سے بےگھر ہونے والے ممدوح الجدبہ نے کہا کہ ’ہم بےگھر ہوئے، مارے گئے، ہمارے لیے کچھ بھی نہیں بچا، ہم امن چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ ٹرمپ کوئی حل ڈھونڈ نکالیں گے۔ جنگ کو ختم کرنے اور ہمیں بچانے کے لیے ٹرمپ جیسے مضبوط شخص کی ضرورت ہے۔ بہت ہو گیا۔‘
60 سالہ معمر شخص نے مزید بتایا کہ ’میں تین بار بےگھر ہوا، میرا گھر تباہ ہو گیا۔ میرے بچے بےگھر ہیں۔ کچھ نہیں بچا، غزہ ختم ہو گیا ہے۔‘
غزہ شہر کے مشرق میں الشاف علاقے سے تعلق رکھنے والی ام احمد حرب بھی ڈونلڈ ٹرمپ سے توقع کر رہی ہیں کہ وہ اُن کے ’شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے‘ اور مسائل حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’انشااللہ جنگ ہماری خاطر نہیں بلکہ ہمارے چھوٹے بچوں کی خاطر ختم ہو گی جو معصوم ہیں، وہ شہید ہوئے اور بھوک سے مر رہے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم (کھانے کی) مہنگی قیمتوں کی وجہ سے کچھ نہیں خرید سکتے۔ ہم یہاں خوف، دہشت اور موت کا شکار ہیں۔‘
مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد مستقبل کے لیے خوفزدہ ہیں۔
رام اللہ شہر میں ایک 60 سالہ شخص سمیر ابو جندی نے کہا کہ ’ٹرمپ کچھ فیصلوں پر ڈٹے ہوئے ہیں لیکن یہ فیصلے فلسطینی کاز کو پورا کرنے سے زیادہ سیاسی طور پر اسرائیل کے مفادات کو پورا کر سکتے ہیں۔‘
ایک اور شہری ابو محمد نے کہا کہ ان کے پاس اس بات پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت فلسطینیوں کے حق میں ہوگی، ’مزید تباہی کے سوا کچھ نہیں بدلے گا۔‘
مغربی کنارے کے مرکزی شہر رام اللہ کے ایک سکول کے پرنسپل عماد فاخیدہ نے کہا کہ ’ٹرمپ کی اقتدار میں واپسی ہمیں جہنم کی طرف لے جائے گی۔ وہ اسرائیل کے لیے اپنی مکمل حمایت کے لیے جانے جاتے ہیں۔‘
غزہ شہر سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ ابراہیم عالیان نے کہا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ امن آئے گا اور ٹرمپ جنگ ختم کر دیں گے کیونکہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کہ وہ امن چاہتے ہیں اور غزہ اور مشرق وسطیٰ پر جنگیں روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’خدا نے چاہا تو غزہ کی پٹی پر جنگ ختم ہو جائے گی اور حالات بدل جائیں گے۔‘