حکومت کا سردیوں میں بجلی کے اضافی استعمال پر سہولت پیکج دینے کا فیصلہ
پاکستان کے وزیراعظم شہباز نے کہا ہے کہ حکومت نے سردیوں کے تین ماہ میں بجلی کے اضافی استعمال پر سہولت پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں یوم اقبال کے حوالے منعقد کی گئی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ بجلی سہولت پیکج کا اطلاق دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک ہوگا۔
جمعے کو پاور ڈویژن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپے تک ریلیف دیا جائے گا، گذشتہ سال کےمقابلے اضافی بجلی کے استعمال پر بجلی ٹیرف میں ریلیف ملے گا۔
گھریلو صارفین کو ٹیرف پر 26 روپے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا، کمرشل صارفین کو 22 روپے 71 پیسے تک فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا اور صنعتی صارفین کو 15 روپے 5 پیسے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا۔
پاکستان، امریکہ اور چین کے درمیان اقتصادی پُل کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے: پاکستانی سفیر
امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان، امریکہ اور چین کے درمیان سفارتی پُل کا کردار ادا کرنے کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان ایک اقتصادی پُل کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے میں جمعے کو پاکستان امریکہ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس کردار سے ان دو بڑی معیشتوں کے درمیان گہرے روابط کو فروغ ملے گا۔
تقریب میں فیکلٹی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں پاکستان امریکہ تعلقات خصوصاً ان دوطرفہ تعلقات میں پاکستانی-امریکی کمیونٹی کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔
رضوان سعید شیخ نے حالیہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے ہونے والی اہم پیش رفتوں کو اُجاگر کیا اور اس حوالے سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری، اعلٰی تعلیم، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی استحکام میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے حکومت کی ترجیحات کو اجاگر کیا۔
کوئٹہ میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں، متعدد گرفتار
کوئٹہ میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں جس کے بعد درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے جلسے کو روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بند کیے اور رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش پر پولیس نے کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
جواب میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ تحریک انصاف نے جمعہ کو عمران خان کی رہائی کے لیے ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا تھا۔
پنجاب پولیس رحیم یار خان کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، ایک ڈاکو ہلاک
پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو حیدری ملنگ اندھڑ گینگ کا سرگرم رکن تھا۔ یہ ڈاکو بھونگ میں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور پولیس پر حملوں سمیت درجنوں سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ہلاک ڈاکو کے قبضہ سے کلاشنکوف، متعدد میگزینز، سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔
پاکستان اور ابوظبی پورٹس کمپنی کے مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط
پاکستان اور ابوظبی پورٹس کمپنی کے درمیان ریلوے، کسٹمز، ایئر پورٹ اور بحری امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی چار یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
اے پی پی کے مطابق جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال سمیت دیگر وزرا موجود تھے۔
جبکہ متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزویدی، کاہیل گروپ کے چیئرمین احمد دلموک المکتوم، منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر، ابوظبی پورٹس گروپ کیپٹن محمد الشمیسی، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید ابراہیم سالم الزابی اور ابوظہبی پورٹس کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔