مملکت میں ہفتے کے آخر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، ماہر موسمیات
مملکت میں موسم سرما کا آغاز 7 دسمبر 2024 سے ہو گا۔ (فوٹو الاخباریہ چینل)
مملکت میں موسمیات کے قومی مرکز کے موسمی تجزیہ کار عادل القازنلی نے کہا ہے کہ سرد ہوا کی آمد کے اشارے اس ہفتے کے آخر میں ظاہر ہو رہے ہیں اور امکان کہ اس ہفتے کے آخر میں درجہ حرارت میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔
القازنلی کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو چاہیے کہ وہ بچوں کا خیال رکھیں اور انہیں گرم کپڑے پہنائیں اور سردی سے بچاؤ کے لیے پورا اہتمام کریں۔‘
الاخباریہ چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عادل القازنلی نے کہا کہ السودہ کا علاقہ سردیوں کے موسم میں داخلے کا پیمانہ نہیں ہے کیونکہ یہ بلند و بالا پہاڑوں پر واقع ہے اس لیے وہاں درجہ حرارت کم ہونا معمول کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت کے شمال اور وسطی ریاض میں آج کم سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ طریف اور القریات جیسے علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت 11 سینٹی گریڈ تک ہے۔ اس حوالے سے امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ان علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی دیکھنے میں آئے گی اور ٹھنڈی ہواؤں کا داخلہ یہیں سے شروع ہوگا۔
سردی کے موسم کے حوالے سے القازنلی صبح کی شفٹ میں سکول جانے والے بچوں اور خاندانوں کو مشورہ دیا کہ اچانک تبدیل ہونے والا موسم احتیاطی تدابیر کا مطالبہ کرتا ہے اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے بچوں اور اپنا خیال رکھیں۔ خاص کر ان علاقوں میں جہاں دن کے وقت بھی موسم سرد رہتا ہے۔
دوسری جانب عاجل نیوز کے مطابق موسم اور آب و ہوا کے ماہر عبدالعزیز بن محمد الحصینی نے کہا ہے کہ مملکت میں موسم سرما کا آغاز سات دسمبر 2024 سے ہو گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں