Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی حج کے لیے ٹکٹ سستی،’دیگر ایئر لائنز کے ساتھ بھی معاہدے ہوں گے‘

2025 کے حج کے لیے پی آئی اے کو 35 ہزار عازمین کا کوٹہ دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزارت مذہبی امور نے عازمین کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سے فی کس کرایہ 800 ڈالر مقرر کر دیا ہے۔
گزشتہ برس وزارت مذہبی امور نے ہر حاجی کا کرایہ 850 ڈالر مقرر کیا تھا۔
معاہدے کے مطابق 2025 کے حج کے لیے پی آئی اے کو 35 ہزار عازمین کا کوٹہ دیا گیا ہے، جبکہ سعودی ایئرلائن سے بھی اتنے ہی عازمین کو لے جانے کا معاہدہ ہوا ہے۔ دیگر نجی ایئرلائنز میں ایئر سیال کو 3500، ایئر بلیو کو 7300، اور سیرین ایئر کو 7500 مسافروں کا کوٹہ دیا گیا ہے۔
وزارت حج نے کہا ہے کہ حج پروازوں کے ان انتظامات کا مقصد عازمین کے سفر کو سہل اور موثر بنانا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے حکام نے بتایا ہے کہ ’پی آئی اے کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں مزید پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت کرایوں میں 50 ڈالر فی حاجی کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ سال یہ کرایہ 850 ڈالر تھا اور اب اس میں کمی کرکے 800 ڈالر پر اتفاق ہوا ہے۔‘
وزارت مذہبی امور کے حکام نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کے علاوہ دیگر ایئر لائنز کے ساتھ بھی اسی کرائے پر معاہدے طے کیے جائیں گے۔
حج پالیسی کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی بار تین قسطوں میں حج اخراجات جمع کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے اردو نیوز سے گفتگو میں سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین کے واجبات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’درخواست دہندگان کو تین اقساط میں ادائیگی کرنی ہو گی۔ پہلی قسط کے طور پر دو لاکھ روپے حج درخواست کے ساتھ جمع کرانے ہوں گے۔ قرعہ اندازی کے دس دن کے اندر مزید چار لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ بقیہ رقم یکم سے 10 فروری 2025 کے دوران جمع کرانا لازم ہو گی۔‘

وزارت مذہبی امور کے حکام کے مطابق حاجیوں کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

واپسی کی پالیسی کے تحت درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ سے پہلے رقم واپس لینے پر کوئی کٹوتی نہیں ہو گی۔ تاہم قرعہ اندازی کے بعد پہلی قسط واپس لینے پر 50 ہزار روپے کی کٹوتی کی جائے گی، اور تیسری قسط جمع نہ کرنے کی صورت میں 2 لاکھ روپے کاٹ لیے جائیں گے۔ 10 فروری کے بعد حج سے انکار کرنے والوں کو بقیہ رقم واپس نہیں ملے گی، تاہم درخواست گزار کی وفات کی صورت میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے اس اقدام کو حکومت کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حج 2025 کو سستا اور سہل بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزارت مذہبی امور اس سال حاجیوں کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

شیئر: