ابوظہبی : میوزک فیسٹیول میں ایڈ شیران پرفارم کریں گے
ابوظہبی : میوزک فیسٹیول میں ایڈ شیران پرفارم کریں گے
بدھ 4 دسمبر 2024 18:54
آف لمٹس میوزک فیسٹیول میں پاپ، انڈی، ہپ ہاپ اور الیکٹرانک میوزک شامل ہے۔ فوٹو اے ایف پی
برطانوی معروف گلوکار و نغمہ نگار ایڈ شیران ابوظہبی کے اتحاد پارک میں 26 اپریل 2025 کو ہونے والے آف لمٹس میوزک فیسٹیول میں پرفارم کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق ایڈ شیران جو اپنی زبردست لائیو پرفارمنس اور مقبول گانوں جیسے ‘Perfect’، ‘Shape of You’ اور ‘Photograph’ کے لیے معروف ہیں آف لمٹس کے سٹیج پر اپنے بہترین نغموں اور دلکش انداز کے ساتھ موجود ہوں گے۔
ایڈ شیران کے ساتھ آف لمٹس میوزک فیسٹیول میں کچھ دیگر بین الاقوامی اور علاقائی فنکار بھی شرکت کریں گے، ان گلوکاروں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
آف لمٹس میوزک فیسٹیول میں پاپ میوزک کے علاوہ انڈی، ہپ ہاپ اور الیکٹرانک میوزک سننے والے شائقین کے لیے موسیقی کے حوالے سے بہت کچھ پیش کیا جائے گا۔
ابوظہبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت اور میرال کے اشتراک سے پیش کئے جانے والے اس فیسٹیول کو تھیوری الیون انٹرٹینمنٹ کا تعاون حاصل ہو گا۔
منتظمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس میوزک فیسٹیول کے لیے جدید ترین میوزک سسٹم کا انتظام کیا جائے گا۔