’جعلسازی اور غلط بیانی‘ کویت میں سینکڑوں افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ
اعلی کمیٹی کیسز سفارشات کے ساتھ وزرا کونسل کو بھیجے گی ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
کویتی شہریت کی اعلی تحقیقاتی کمیٹی نے 54 ممالک سے تعلق رکھنے والے 3043 افراد کی کویتی شہریت منسوخ کرنے کے لیے کیس تیار کیا ہے۔
ان افراد کے بارے میں شک ہے کہ انہوں نے جعل سازی اور غلط بیانی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کی تھی۔
کویتی جریدے ’القبس‘ کے مطابق شہریت کی اعلی کمیٹی نے کیسز تیار کرکے اپنی سفارشات کے ساتھ وزرا کونسل کو بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں تاکہ ان افراد کی شہریت منسوخ کرنے کے حتمی احکامات صادر کیے جاسکیں۔
شہریت کی منسوخی کے حوالے سے جمعرات کو نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں شہریت کے حوالےسے کی گئی تحقیقی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’کمیٹی نے قانون کی شق 15 سال 1959 کے تحت 164 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے قانون شکنی کرتے ہوئے جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کی تھی۔‘
جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ’ 16 افراد نے قانون کی شق 13 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلط بنیاد پر کویتی شہریت حاصل کی جبکہ 2863 افراد کے خلاف شق نمبر 15 کی دفع 4 کے تحت شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘