محسن نقوی کا سعودی عرب کے پبلک سکیورٹی پولیس ہیڈ کواٹرز کا دورہ
اتوار 15 دسمبر 2024 16:48
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو سعودی عرب کے پبلک سکیورٹی پولیس ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پولیس ہیڈکوارٹر پہنچنے پر پبلک سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسمیع نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سٹیٹ آف آرٹ پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سیف سٹی سنٹر کا بھی دورہ کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نظام کا مشاہدہ کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم و ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کے نظام کو سراہا۔
محسن نقوی کی اور پبلک سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسمیع کی ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ ٹاسک فورس کو جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کے پبلک سکیورٹی کے شاندار نظام کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹریننگ کے ضمن میں تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔’پاکستان سفارت کاروں کی حفاظت کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کا قیام عمل میں لا رہا ہے۔‘
وزیرداخلہ محسن نقوی کو پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر میں خصوصی بریفنگ دی گئی۔ آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے جرائم اور ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کا نظام وضع کیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حج و عمرے پر بھی خصوصی فورسز فرائض سرانجام دیتی ہیں۔