جسمانی اعضاء عطیہ کرنے والے 200 شہریوں کو شاہی تمغہ
جمعرات 18 جولائی 2024 17:47
متعدد بار خون کا عطیہ دینے والوں کو بھی شاہی تمغہ دیا جاتا ہے(فوٹو ، ایکس )
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے 200 سعودی شہریوں کو جسمانی اعضاء عطیہ کرنے پر شاہ عبدالعزیز تمغہ تیسرے درجے کا دینے کی منظوری کے احکامات صادر کردیئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ایوان شاہی سے ان سعودی مرد وخواتین کے ناموں کی فہرست جاری کی گئی ہے جنہوں نے اپنی زندگی میں کسی قسم کا جسمانی اعضا عطیہ کیا علاوہ ازیں ان شہریوں کو بھی تمغہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جنہوں نے بعد از مرگ جسمانی اعضاء عطیہ کرنے کے لیے متعلقہ ادارے میں خود کو رجسٹر کرایا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے خون اور جسمانی اعضاء عطیہ کرنے والوں کی خدمات کے اعتراف کے طورپر انہیں شاہی تمغہ دیا جاتا ہے۔
جن افراد کو تمغہ دینے کی منظوری ہوتی ہے انکے ناموں کا باقاعدہ اعلان کیا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے خون کا عطیہ دینے پر دسیوں غیرملکیوں کو بھی تمغہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔