Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون نے رینٹ کی گاڑی حادثے میں تباہ کردی، 12 ہزار درہم کی ٹریفک خلاف ورزیاں

خاتون نے کار 2 دن کے لیے کرایے پر حاصل کی تھی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی سول کورٹ نے ایک خاتون کو رینٹ اے کار کمپنی کو 65 ہزار درھم ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔  رینٹ اے کار کمپنی سے 2 دن کے لیے گاڑی کرایے پر حاصل کی تھی۔
 ٹریفک حادثے میں گاڑی تباہ ہوگئی اس کے علاوہ خاتون نے 12 ہزار درھم کی ٹریفک خلاف ورزیاں بھی کیں۔
الامارات الیوم کے مطابق رینٹ اے کار کمپنی نے خاتون سے 65 ہزار 805 درھم کی رقم  کا مطالبہ کیا تھا۔
 رینٹ اے کار کمپنی نے عدالت کو بتایا خاتون اور اس کے درمیان معاہدہ ہوا تھا۔ دو دن کے لیے کار کرایے پر حاصل کی تھی اور اس شرط کے ساتھ کہ استعمال کے بعد اسے وقت پر واپس کیا جائے گا۔
 کمپنی کا کہنا تھا خاتون نے گاڑی کو زیادہ دن تک اپنے زیر استعمال رکھا اور ایک ٹریفک حادثے میں گاڑی کو تباہ کردیا جبکہ بڑی ٹریفک خلاف ورزی بھی کی۔
 کمپنی تمام گاڑیوں کا قانون کے مطابق انشورنس  کراتی ہے تاکہ حادثات یا کسی ہنگامی صورتحال میں نقصان یا حادثے سے زخمی ہونے والوں کو انشورنس کوریج دی جاسکے۔
خاتون نے 69 دن تک گاڑی کرایے کے طور پر اپنے پاس رکھی جس کی رقم 28980 درھم بنتی ہے۔ اس کے علاوہ  ٹریفک خلاف ورزیاں کی جس کی رقم 11825 درھم بنتی ہے۔
کمپنی نے عدالت میں تمام ریکارڈ کے علاوہ ٹریفک حادثے کی رپورٹ، کی جانے والی خلاف ورزیوں کی دستاویز کی کاپی بھی پیش کی۔
 عدالت میں خاتون حاضر نہیں ہوئی جس پر عدالت نے تمام شواہد مدنظر رکھتے ہوئے اور خاتون کی غیر موجودگی میں  اپنا فیصلہ سنایا جس کے مطابق خاتون رینٹ اے کار کمپنی کو 65 ہزار 805 درھم کی رقم  ادا کرے گی اور جب تک ادائیگی نہیں کرتی 12 فیصد اضافے اور تمام عدالتی اخراجات کی ادائیگی کا پابند بنایا گیا ہے۔

 

امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: