متحدہ عرب امارات میں ٹریول اینڈ ٹورازم کمپنیوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کچھ اہم مقامات کے لیے ایئرلائن ٹکٹوں کی قیمتوں میں 47 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نمایاں کمی نئے سال اور سکول تعطیلات کے موسم کے دوران 100 فیصد تک اضافے کے بعد اب سامنے آئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ٹریولنگ اداروں نے بتایا بیشتر ممالک میں نئے سال کی تعطیلات، سکولوں کے پہلے سمسٹر کی چھٹیوں کے اختتام اور نئے سال کے آغاز پر ایئرلائن کے ٹکٹوں کی مانگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ایک ٹریول اینڈ ٹورازم کمپنی کے جنرل مینجر نے بتایا کہ اہم عرب مقامات کے لیے راونڈ ٹرپ ٹکٹس جو پہلے نئے سال کے رش کے دوران 2300 سے 2400 درھم تک میں دستیاب تھے اب ان کی قیمتیں کم ہوکر 1200 سے 1300 درھم رہ گئی ہیں۔ اس میں مزید کمی متوقع ہے جو کم ہوکر 1050 تک بھی ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں
-
امارات سے پانچ عرب ملکوں کے لیے ٹکٹ سو فیصد مہنگےNode ID: 675531
-
اماراتی فضائی کمپنیوں کے سستے سیاحتی پیکیج کن ممالک کے لیے؟Node ID: 781516
-
امارات میں دسمبر کے دوران ایئر ٹکٹ کیوں مہنگے ہو گئے؟Node ID: 882514
ایک ٹریول ایجنسی کا کہنا تھا ٹکٹوں کی قیمتوں میں مارچ کے وسط تک 20 سے 30 فیصد تک کمی کا سلسلہ جاری رہے گا جس کا انحصار منزل اور سفر کی تاریخ پر منحصر ہے۔ مارچ کے آخر میں عید الفطر کی تعطیلات کے ساتھ ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہوجائے گا۔
ایک ٹریولنگ گروپ کے سی ای او کا کہنا تھا چھٹیوں کے دوران یورپ کے اہم مقامات میں سے ایک کے راونڈ ٹرپ ٹکٹ کی قیمت بڑھ کر 3500 درھم ہوگئی تھی جس میں اب کمی ہوئی ہے اور یہ 2300 درھم تک رہ گئی جو 34 فیصد سے زائد کی کمی ہے۔
ایک ایجنسی کے جنرل مینجر نے بتایا ٹکٹوں کی قیمتوں میں موجودہ کمی ایئرلائنز کی جانب سے رعایتی پیشکشیں ہیں۔
ٹورازم اینڈ ٹریول کے سیلز مینجر نے اس حوالے سے بتایا اس وقت ایک اہم عرب ملک کے ٹکٹ کی قیمت 2500 درھم سے کم ہوکر 1400 درھم ہوچکی ہے۔
ایشیائی ممالک کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے جو 1800 سے کم ہوکر 1200 درھم تک آچکی ہیں جس میں 33 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ٹریول کمپنیوں کو توقع ہے رمضان کے وسط تک ٹکٹوں کی قیمتیں کم رہیں گی۔ رمضان کے آخری ایام اور عید الفطر کی تعطیلات سے قبل طلب میں اضافے کے باعث ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔