Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی نے ہوٹل اکاموڈیشن سرچ انڈیکس میں لندن اور پیرس کو پیچھے چھوڑ دیا

دسمبر میں ہوٹلوں میں رہائش کی شرح 93.7 فیصد رہی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی کو دسمبر 2024 کے دوران ہوٹل اکاموڈیشن کے حوالے سے دنیا کی سب سے زیادہ مطلوب منزل قرار دیا گیا ہے ۔ دبئی نے ہوٹلوں کی رہائش کے سرچ انڈیکس میں لندن، نیویارک اور پیرس کو پیچھے چھوڑ دیا۔
الامارات الیوم کے مطابق گوگل ٹریول انڈیکس میں دبئی نے ہوٹل اکاموڈیشن سرچ انڈیکس میں عالمی مقامات جیسے لندن، پیرس، نیویارک، بینکاک، ٹوکیو، بارسلونا اور دیگر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 100 پوائنٹس حاصل کیے۔ 
متحدہ عرب امارات دنیا کے سرفہرست سیاحتی مقامات میں شامل ہے۔ فلائٹ ڈیمانڈ انڈیکس کے حوالے سے دبئی عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔
گزشتہ سال کے اعدادوشمار کو دیکھا جائے تو امارات نے ہوٹل میں قیام اور پروازوں کی طلب کے حوالے سے مضبوط شرح  کو ریکارڈ کرایا ہے۔
گزشتہ سال دبئی آنے والے سیاحوں میں انڈین سرفہرست رہے۔ برطانوی سیاح دبئی آنے والوں میں دوسرے نمبر پر رہے۔
 سیاحت اور ٹریول ٹیکنالوجی سروسز اور سلوشنز کمپنی ’امادیوس‘ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطاابق دبئی نے دسمبر 2024 میں سیاحتی طلب میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو یہاں مختلف سیزنز، سال کے اختتام اور نئے سال کی آمد کے حوالے سے دیکھی گئی۔
امارات  دسمبر 2024 میں ہوٹلوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں سب سے بڑے اور نمایاں سیاحتی مقامات میں سرفہرست رہا۔ امارات کے ہوٹلوں میں رہائش کی شرح 80.2 فیصد تک پہنچ گئی۔
امریکہ میں قائم ہوٹل مارکیٹ ڈیٹا اور تجزیہ کار گروپ ’کوسٹار‘  نے بتایا  دسمبر 2024 میں دبئی میں ہوٹلوں کی طلب میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ دسمبر میں دبئی میں ہوٹلوں میں رہائش کے  حوالے سے کارکردگی بہترین رہی اور رہائش کی شرح 93.7 فیصد تک پہنچ گئی۔
 امارات کے محکمہ معیشت و سیاحت کے مطابق امارات نے 2024 کے ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران 16.79 ملین بین الاقوامی سیاح آئے جبکہ یہ  تعداد 2023 کے اسی عرصے کے دوران 15.37 ملین تھی جس میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔
دسمبر 2024 کے دوران دنیا کے  مختلف ممالک جہاں ہوٹلوں میں قیام  اور طلب کی شرح سب سے زیادہ رہی ۔ان میں دبئی، لندن، پیرس، نیویارک، بینکاک، ٹوکیو، پونٹا کانا، روم، ایمسٹرڈیم اور بارسلونا شامل ہیں

 

 

شیئر: