فلائی ناس کے بیڑے میں مزید دو نئے طیارے شامل
فلائی ناس نے مزید 30 طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی فلائی ناس نے ایئر بس اے 320 نیو ساخت کے مزید دو طیارے حاصل کرلیے۔ اس کے بیڑے میں طیاروں کی تعداد 51 تک پہنچ گئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فلائی ناس جو سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی اور مشرق وسطی کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے 2023 کے دوران مجموعی طور پر 19 طیارے حاصل کرے گی۔
یہ ایئربس کمپنی کے ساتھ فلائی ناس کے معاہدے کی تیسری کھیپ کا حصہ ہے۔
فلائی ناس نے پیرس انٹرنیشنل فضائی نمائش کے دوران ایئربس سے اے 320نیو ساخت کے مزید 30 طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔
نئے طیارے فرانس سے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے ہیں۔
اس طرح 2023 کے دوران ناس ایئر نے سات نئے طیارے اب تک حاصل کیے ہیں ان میں دو ایئر بس 330اے اور پانچ اے 320 نیو ساخت کے ہیں۔
دو نئے طیاروں کے پہنچنے پر فلائی ناس کے طیاروں کی مجموعی تعداد 51 تک پہنچ گئی ہے۔
فلائی ناس نے دو برس کے دوران اپنے طیاروں میں 96 فیصد تک کا اضافہ کیا ہے۔ 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کل طیارے 26 تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں