Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ترقی پذیر دنیا میں میڈیا‘، ریاض میں سعودی میڈیا فورم کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز

پہلے دن اہم پروگرام میں سے ایک فیوچر آف میڈیا ایگزیبیشن( فومیکس) ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی میڈیا فورم کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز بدھ 19 فروری سے ریاض کے ایک ہوٹل میں ہو رہا ہے جو جمعے تک جاری رہے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر اطلاعات سلمان الدوسری کی سرپرستی میں منعقد ہونے والا فورم ’ترقی پذیر دنیا میں میڈیا‘ کے عنوان سے ہو رہا ہے جس میں 200 سے زیادہ سپیکرز شرکت کریں گے۔
ان میں میڈیا سے وابستہ پروفیشنل افراد، ماہرین تعلیم، مقامی اور بین الاقومی شعوں کے ماہرین اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔ فورم میں 80 سیشن، 40 پینل مباحثے اور 40 علمی تبادلے کے سیشن ہوں گے۔
شرکا میں وزرا، سرکاری اور تعلیمی اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ میڈیا کے فیصلہ ساز اور سرمایہ کار شامل ہوں گے۔
فورم کے پہلے دن اہم پروگرام میں سے ایک فیوچر آف میڈیا ایگزیبیشن( فومیکس) کا آغاز ہے جو مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی خصوصی میڈیا نمائش ہے۔
فورم میں 250 سے زیادہ مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں حصہ لیں گی۔ میڈیا پروڈکشن اور ڈیجیٹل براڈ کاسٹنگ میں جدید ٹیکنالوجی اور سلوشنزکی نمائش کی جائے گی۔
سعودی میڈیا فورم کا چوتھا ایڈیشن گذشتہ تین ایڈیشنز میں ملنے والی کامیابیوں کا تسلسل اور فورم کے میڈیا انڈسٹری پر مثبت اثرات میں فعال کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
ان مثبت اثرات میں سعودی میڈیا کی ترقی اور بدلتی دنیا میں نئی ٹیکنالوجیز کو دریافت کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع اور مقامی و بین الاقوامی تجربات کے تبادلے کے لیے متحرک معاشرے کا قیام شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اس کا مقصد مملکت کی پوزیشن کو مضبوط کرنا ہے جو دنیا کو اپنی جانب متوجہ اور میڈیا انڈسٹری میں اس کے مقام کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

شیئر: