سعودی عرب کے بیشتر شہروں میں سردی کی نئی لہر
’فجر کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ شمالی علاقوں میں برف جم جانے کا بھی امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بیشتر شہر سردی کی نئی لہر کی زد میں ہیں جہاں درجہ حرارت کافی کمی محسوس کی جارہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ تبوک، حائل، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک پہنچ رہاہے جبکہ اس کی تاثیر ملک کے دیگر شہروں میں بھی محسوس کی جارہی ہے۔
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’سردی کی لہر آج منگل اور کل بدھ تک جاری رہے گی‘۔
’فجر کے وقت اس کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ شمالی علاقوں میں برف جم جانے کا بھی امکان ہے‘۔
انہوں نے شمالی، وسطی اور مشرقی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گرم کپڑوں کا اہتمام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’سردی کی لہر میں اچانک کمی ہوسکتی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’طریف میں منفی 4 ڈگری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ بیشتر شمالی علاقوں میں درجہ حرارت صفر تک پہنچ گیا ہے‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ ریجن کے متعلق اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’جدہ، رابغ، اللیث اور خلیص میں گرد آلود تیز ہوا چلے گی‘۔
’جدہ اور رابغ کے سمندر میں تین میٹر تک بلند موجیں اٹھیں گی اور یہ صورتحال دوپہر ایک بجے تک رہ سکتی ہے‘۔
