پاکستانی عازمین کے قیام و طعام کا انتظام مکمل،پہلی پرواز کل پہنچے گی، یوسفانی
اتوار 23 جولائی 2017 3:00
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کے قیام و طعام کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اسلام آباد سے سرکاری کوٹے کے تحت آنیوالے عازمین کی پہلی پرواز مدینہ منورہ جبکہ پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے زیر انتظام کراچی سے پہلے عازمین کا گروپ بروز پیر 24 جولائی کوجدہ حج ٹرمنل پر پہنچے گا ۔ اردونیوز سے گفتگوکرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل حج نے مزید کہا کہ امسال پاکستانی عازمین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 526 ہے جن میں سے 72 ہزار پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ باقی حکومتی اسکیم کے تحت ارض مقدس آئینگے ۔ عازمین کیلئے کئے جانے والے انتظامات کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر یوسفانی نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ ضیوف الرحمان کو بہتر سے بہتر سہولیتں فراہم کی جائیں ۔ حج ٹرمنل پر عازمین کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا جسے دور کرنے کیلئے امسال خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جن کے تحت پاکستانی عازمین کو ٹرمنل سے باہر آتے ہی فوری طورپر بسوں میں سوار کردیاجائے گا تاکہ انہیں فوری طور پرمکہ مکرمہ کیلئے روانہ کر دیا جائے ۔ ماضی میں حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے حج ٹرمنل پرعازمین کی گروپ بندی اور ان کی دستاویزات کی چیکنگ میں کافی وقت صرف ہو تا تھا جس سے کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ امسال تمام معاملات مکتب الوکلاء کے نمائندے حل کریں گے اورعازمین کو انتظار کرنا نہیں پڑے گا ۔ دیگر انتظامات میں عازمین کیلئے ویلکم اسنیکس کا بھی اہتمام کیا ہے جو پیکٹس کی صورت میں ہوگا جس میں کھجور ، جوس ، بسکٹ اور دیگر اشیاء شامل ہیں تاکہ عازمین تازہ دم ہو سکیں ۔مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائشی عمارتو ں کے بارے میں ڈاکٹریوسفانی کا کہنا تھا کہ امسال ہم نے نئی اور بہترین عمارتیں حاصل کی ہیں ۔ العزیزیہ کے علاقے سے عازمین کو حرم شریف لانے اور لے جانے کیلئے حسب سابق امسال بھی شٹل بس سروس فراہم کی ہے ۔ تمام بسیں جدید اور بہترین کنڈیشن کی ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ شٹل بس سروس 24 گھنٹے عازمین کی خدمات کیلئے موجود ہو گی ۔ بسوں کے بہترین انتظامات کے لئے حج مشن کی جانب سے خصوصی طور پر نگران عملہ موجود ہو گا تاکہ بسوں کی آمد ورفت میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو ۔ مکہ مکرمہ میں عمارتوں کا کرایہ 16سو سے 2100 ریال تک مقرر ہے جبکہ مدینہ منورہ میں تمام پاکستانی عازمین قبل اور بعد از حج مرکزیہ کے علاقے میں قیام کریں گے ۔ مدینہ منورہ میں 3 ڈسپینسریاں اور ایک 15بستروں پر مشتمل اسپتال قائم کیا گیا ہے جبکہ مکہ مکرمہ میں 9 ڈسپینسریاں اور 30 بستروں کا اسپتال کی سہولت میسر کی گئی ہے ۔ امسال مقامی خدام الحجاج کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہے جبکہ پاکستان سے آنے والے خدام الحجاج 600 ہو نگے ۔ طبی عملے کی تعداد 550 ہے جن میں ڈاکٹر ، نرسیں اور دیگر عملہ شامل ہے ۔پاکستان سے 26 اگست کو عازمین حج کی آخری پرواز مملکت پہنچے گی ۔