برسلز -------- یورپی یونین نے واضح کیا ہے کہ مشرقی بیت المقدس مقبوضہ فلسطین کا اٹوٹ حصہ ہے ۔ یورپی یونین میں امور خارجہ کی اعلیٰ نمائندہ فیڈریکا موگرینا نے تنظیم آزادی فلسطین کی مجلس عاملہ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صائب عریقات کے نام سرکاری خط میں تحریر کیا ہے کہ مشرقی القدس کی قانونی پوزیشن سے متعلق یورپی یونین کا موقف غیر متزلزل ہے ۔ یونین میں شامل ممالک القدس کو مقبوضہ فلسطین کا اٹوٹ حصہ مانتے ہیں ۔ دو ریاستی حل کے مکمل طور پر پابند ہیں ۔ اس کے دفاع کیلئے اپنے عالمی دوستوں کے ساتھ سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں ۔ یورپی یونین اہم مسائل پر اہم فریقوں کے ساتھ زبردست گفت و شنید کر رہی ہے اور ان کے حل میں براہِ راست موثر کردار ادا کر رہی ہے ۔ یورپی یونین کی عہدیدار نے اس موقف کا اظہار صائب عریقات کی جانب سے مشرقی القدس کی بابت یورپی یونین کے موقف کی وضاحت طلب کرنے پر کیا ۔ دریں اثناء قابض اسرائیلی افواج نے جمعہ کو غرب اردن ، مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ پٹی میں مختلف مقامات پر فائرنگ کر کے 2فلسطینیوں کو شہید اور دسیوں کو زخمی کر دیا ۔زخمیوں میں مسجد اقصیٰ کے محافظ بھی شامل ہیں۔ مسجد اقصیٰ میں معتکف 120نمازیوں کو گرفتار کر لیا ۔ 10ہزار سے زیادہ فلسطینیوں نے اسرائیل کی سخت پابندیوں کے باوجود مسجد اقصیٰ پہنچ کر جمعہ کی نماز ادا کی ۔ اسرائیلی فور س نے 50برس سے کم عمر کے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ جانے سے روکا ۔فلسطین میں اسلامی اوقاف کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے تمام دروازے کھولنے ہوں گے اور نمازیوں پر عمر کی پابندی بھی اٹھانی ہو گی ۔