مانچسٹر: انگلینڈ کو اپنی قیادت میںپہلی ٹیسٹ سیریز میں فتح دلانے والے انگلش کپتان جوئے روٹ نے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی کامیابی پر خوش ہیں لیکن مجموعی کارکردگی کے حوالے ابھی مطمئن نہیں۔اپنے رد عمل میں ان کا کہنا تھا انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ انگلش ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد حوصلہ نہیں ہاری اور نئے جوش و جذبے کے ساتھ تیسرا اور پھر چوتھا ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی لیکن کھیل کے بعض شعبے ایسے ہیں جہاں ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ ٹیم کاٹاپ آرڈر ابھی تک توقعات پر پورا نہیں اتر رہا جس کی وجہ سے اننگز کی ابتداءمیں دباو کا شکار ہو نا پڑتا ہے۔ ہمارے پاس معین علی اور بین اسٹوکس کی شکل میں2ایسے آل راﺅنڈرز موجود ہیں جو مشکل صورتحال میں ٹیم کا سہارا بنتے ہیں۔حالیہ سیریز میں ان دونوں نے تقریباً ہر موقع پر ٹیم کو مشکل سے نکالا۔میں نے سیریز کے آغاز سے پہلے کہا تھا کہ یہ 30 یازائد ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لئے موقع ہے کہ وہ آگے آئیں اور سینیئر کے طور پر اپنا کردار اد کریں ۔ معین علی نے اس پر حرف بحرف عمل کیا اور ثابت کر دکھایا کہ ٹیم کو کیسے سہارا دیا اور کامیابی سے ہمکنار کیا جاتا ہے۔