Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی امداد پاکستان کو مہنگی پڑی،عمران خان

اسلام آباد... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ افغان جنگ کا کوئی بنیادی مقصد نہیں۔ اب مزید امریکی فوجی افغانستان میں کونسا ایسا کارنامہ سرانجام دیں گے جو پہلے سے موجود فوجی نہیں دے سکے۔ جس حقانی نیٹ ورک کی حمایت کا پاکستان پر الزام لگایا جاتا ہے وہ زیادہ سے زیادہ 3 ہزار ہیں۔ یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ ڈیڑھ لاکھ فوجی 3 ہزار لوگوں کی وجہ سے ناکام ہو گئے۔ حقیقت یہ ہے کہ امر یکہ نے کبھی افغانستان مسئلہ کے سیاسی حل کی کوشش ہی نہیں کی۔ صرف بم برسائے اور قتل عام کیا۔ سی این این کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی تقریر سے پاکستانیوں کو تکلیف پہنچی اور بے عزتی محسوس ہوئی۔امریکی امداد پاکستان کو بہت مہنگی پڑی۔ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان نے 70 ہزار لوگوں کی قربانی دی ۔ 100 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھا چکے۔ افغانستان کی سرحد کے ساتھ قبائلی علاقے سے 60 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ۔ 80 فیصد اپنے ہی وطن میں بے گھر ہوئے۔ ایک سوال پرعمران خان نے کہا کہ افغان مسئلہ کا حل یہ ہے کہ امر یکہ افغانستان چھوڑ دے اور متفقہ حکومت لائی جائے۔سب ایک میز پر بیٹھیں اور طالبان سے بات کریں۔ جب تک افغانستان میں غیر ملکی فوج موجود رہیں گی مسئلہ ختم نہیں ہو گا ۔مذاکرا تی عمل میں خطے کے دیگر ملکوں روس، ایران اور چین کو شامل کرنا ہو گا ۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ حکومت کو تجویز دیں گے کہ ا مریکی امداد کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتے ہیں۔ پاکستان کو ایسی امداد کی ضرورت نہیں جو معیشت تباہ کردے ۔

 

شیئر: