جدہ.... جدہ میونسپلٹی نے الحرمین روڈ کے بالمقابل ایک اور نیا روڈ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ یہ روڈ الفروسیہ سے لے کر جدہ ایئر بیس پل تک طویل ہوگا۔ اس کی بدولت الحرمین روڈ پر ازدحام کم ہوجائے گا۔ جدہ کے مشرقی محلوں کے باشندوں کو راحت ملے گی۔ جدہ کے میئر ڈاکٹر ہانی ابوراس نے بتایا کہ فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ روڈ 15 کلومیٹر طویل ہوگا۔ الفروسیہ ، الفلاح اور حمدانیہ محلوں کے باشندوں کو زیادہ فائدہ ہوگا۔ اصالحیہ، الکوثر اور الریان کے باشندے بھی فیضیاب ہونگے۔ جدہ کے شمالی علاقوں سے جنوبی اور وہاں سے شمالی علاقوں میں آمد و رفت آسان ہوجائے گی۔ میئر نے اس پورے علاقے کا دورہ کرکے تمام متعلقہ اداروں کو مقامی باشندوں کی ہنگامی ضرورتیں پوری کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جو مشکلات مذکورہ علاقوں کے باشندوں کو پیش آرہی ہیں انہیں حل کرنا ٹھیکہ دار کی ذمہ داری ہے۔ تمام کام مقررہ وقت پر انجام دینا ہوگا۔