جھار کھنڈ میں کھلے عام رفع حاجت کرنیوالوں کے خلاف مہم
نئی دہلی۔۔۔۔۔ہند بھر میں کھلے عام میں رفع حاجت کیخلاف مہم جاری ہے۔ لوگوں کو کھلی جگہ پر رفع حاجت کرنے سے باز رکھنے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ ریاست جھارکھنڈ کے رانچی میونسپل کارپوریشن کی انفورسمنٹ ٹیم ایک مہم چلا رہی ہے۔ اسے ’’ہلہ بول، لنگی کھول‘‘ کا نام دیا گیاہے۔مہم کے دوران کھلی جگہ پر رفع حاجت کرنے والے کو شرمندہ کرتے ہیں۔ ان پر جرمانہ بھی کیا جارہا ہے۔ انفورسمنٹ ٹیم رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے افراد کو اٹھک بیٹھک کراتے ہیں اور 100 روپے جرمانہ وصول کیا جاتا ہے ،پھرتصویر کھینچ کر چھوڑا جاتا ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے میڈیا کیلئے واٹس ایپ گروپ بھی بنایا ہے جس پر ایسے لوگوں کی تصویریں پوسٹ کی جا رہی ہیں۔ ان تصاویر کو مقامی اخباروں میں شائع کیا جاتا ہے۔ مقامی افراد اور صحافی اس مہم کے مخالف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صفائی ستھرائی کی مہم تو جاری رکھیں گے لیکن لنگی کھول جیسے طریقے نہیں اپنائیں گے۔ انفورسمنٹ ٹیم نے کہا ہے کہ بہت سارے مقامات پر عوامی ٹوائلٹ تعمیر کئے گئے، لوگوں کو ان کا استعمال کرنا چاہیے۔