روہنگیا کیلئے سعودی عرب کا مطالبہ
جمعرات 26 اکتوبر 2017 3:00
ریاض ....سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ روہنگیا کی مسلم اقلیت کا مسئلہ حل کرائے۔ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور عالمی برادری روہنگیا کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرائیں اور میانمار کی حکومت کو بین الاقوامی عہد و پیمان اور اصولوں کی پاسداری پر آمادہ کریں۔ یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں متعین سعودی عہدیدار فیصل الحقبانی نے روہنگیاکے مسلمانوں کے خلاف کئے گئے جرائم کی بین الاقوامی رپورٹ پر تبصرے کیلئے منعقد اقوام متحدہ کے پروگرام میں بیان دیتے ہوئے کیا ۔ الحقبانی نے کہا کہ انکا ملک روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم کو انتہائی تشویش کی نظر سے دیکھ رہا ہے۔ 1992ءسے کم از کم 10لاکھ مسلمان میانمار میں مذہبی تفریق کا شکار ہیں۔